0
Friday 2 Aug 2013 00:12

مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کا کل یوم القدس بھرپور انداز میں منانے کا اعلان

مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کا کل یوم القدس بھرپور انداز میں منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا نے کل یوم القدس بھرپور انداز میں منانے کا اعلان کیا ہے، مختلف اضلاع میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور احتجاجی جلسے ہوں گے۔ یہ اعلان ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ترجمان علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عامر حیدر شمسی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر علامہ عبدالحسین کا کہنا تھا کہ یوم القدس دراصل مظلوموں کے ظالموں کے مقابلے میں قیام کرنے کا دن ہے، اس دن پوری مسلم امہ کو چاہئیے کہ عالمی دہشت گرد امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج بن جائے اور ان سامراجی قوتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دے۔ ان کا کہنا تھا کہ انقلاب اسلامی ایران کے عظیم بانی اور بیسویں صدی کے عظیم الشان رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ امام خمینی (رح) نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو فلسطینیوں اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کا دن قرار دیتے ہوئے ''یوم القدس'' قرار دیا ہے تاہم امت کی اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ مظلوم فلسطینیوں کی آزادی کے لئے یوم القدس کو قبلہ اول کی بازیابی کے احتجاجی ریلیاں او ر مظاہرے منعقد کرے اور دنیا بھر کے تمام ممالک کی فضائیں مردہ باد امریکہ اور نامنظور اسرائیل کے نعروں سے گونج اٹھنی چاہئیں اور در اصل یہی عالمی سامراجی قوتوں کی موت کا دن ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے غیور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جمعة الوداع یوم القدس کو امام خمینی (رح) کے فرمان کے مطابق اپنے گھروں سے نکلیں اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کے لئے نکالی جانے والی القدس ریلیوں میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعة الوداع یوم القدس کے موقع پر پاکستان کی فضائوں کو امریکہ مردہ باد اور اسرائیل نامنظور کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھنا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین مسلم امہ کے اتحاد کا مظہر اور محور ہے، علمائے کرام نماز جمعہ کے خطبات میں یوم القدس کے حوالے سے خصوصی خطبات دیں اور پاکستان کے غیور عوام یوم القدس کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے امریکہ اور غاصب اسرائیل کی ناک زمین پر رگڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے دشمن متحد ہو کر مسلم امہ کو تقسیم کرنے کی گھنائونی سازشوں مین مصروف ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج پینسٹھ برسوں سے اسلامی مقبوضات کشمیر اور فلسطینی سامراجی شیطانی قوتوں کے غاصبانہ قبضے میں ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سمیت، عراق، افغانستان، مصر، شام اور فلسطین مسلم دنیا اور مسلم امہ کے اہم ترین مسائل ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے مسلم امہ متحد ہو کر اٹھ کھڑی ہو اور غاصب اسرائیلی دشمن کے خلاف مشترکہ قیام کا اعلان کرے۔ علامہ عبدالحسین نے کہا کہ اس پریس کانفرنس کے ذریعے ہم تمام پاکستانی مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کل سڑکوں پر نکل کر عالمی استعماراور اسلام دشمنوں سے اعلان برآت کریں اور یوم القدس کو بھرپور انداز میں منائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ کے إختلف اضلاع میں کل مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور احتجاجی جلسے ہوں گے۔ انہوں نے گزشتہ دنوں ڈیرہ اسماعیل خان جیل پر ہونے والے حملے میں دہشتگردوں کے فرار ہونے اور 6 قیدیوں کو قتل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو عوام نے اس لئے مینڈیٹ نہیں دیا تھا کہ اس کے دور اقتدار میں صوبہ آگ اور خون میں ڈوب جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور امن کے قیام کا وعدہ پورا کرے۔
خبر کا کوڈ : 288841
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش