0
Monday 5 Aug 2013 12:48

بارش تباہ کاریاں، صدر و زیراعظم کراچی کو آفت زدہ شہر قرار دیں، طارق محبوب

بارش تباہ کاریاں، صدر و زیراعظم کراچی کو آفت زدہ شہر قرار دیں، طارق محبوب
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور انجمن نوجوانان اسلام پاکستا ن کے سرپرست اعلیٰ طارق محبوب نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش کی تباہ کاریوں کی ذمہ دار حکومت و انتظامیہ ہے۔ صفورا چورنگی، ملیر، گڈاپ ٹاﺅن کے علاقوں میں سب سے زیادہ بارش کی تباہ کاریاں ہوئیں۔ کے ای ایس سی سفید ہاتھی بن چکا ہے، بااثر سیاسی شخصیت کی شیئر ہولڈنگ کی وجہ سے کے ای ایس سی جیسے عوامی ادارے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا ہے۔ صدر و زیراعظم کراچی کو آفت زدہ شہر قرار دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز بیت المصطفیٰ میں ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔۔ اجلاس میں پیر مختار صدیقی، مفتی شہزاد قادری، علامہ فیصل عزیزی، مولانا غلام نبی ہزاروی، مولانا ایوب الرحمٰن اوکاڑوی، مسعود عالم، کامران شاہ، صمعید عالم اور دیگر نے شرکت کی۔ طارق محبوب نے کہا کہ نالے ندیوں پر جب لینڈ مافیا و قبضہ گروپ عمارتیں اور پلازے بنائیں گے تو بارش کے پانی کی نکاسی کا مسئلہ پیدا ہوگا۔ جب مون سون بارشوں کا مہینہ ہے تو متعلقہ عوامی اداوں نے کیونکر عملی اقدامات کو یقینی نہیں بنایا۔ عوامی مفادات کے ادارے جب سیاسی مفادات کے ادارے بن جائیں گے اور ان میں گھوسٹ ملازمین کی بھرمار ہو گی تو عوام کے ٹیکسوں پر چلنے والے ادارے عوام کے بنیادی شہری حقوق کا تحفظ کیسے کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ کے ای ایس سی نے کراچی شہر کو اندھیروں میں ڈبو دیا ہے۔ کے ای ایس سی نے عوام سے ایوریج سے زائد بلنگ کی جبری و صولیابی کیلئے تو ریاستی مشینری کو استعمال کیا جبکہ بارش کی تباہ کاریوں میں کے ایس سی برابر کی شریک ہے۔ کراچی کے تقریباً آدھے علاقے کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ کی نذر رہے۔
 
طارق محبوب نے کہا کہ ایک طرف تو شہر بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری کی بھینٹ چڑھا ہوا ہے تو دوسری طرف قدرتی آفات کے باعث تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ کراچی کے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کون اقتدار اور نورا کشتی کرکے شہری عوام کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈال رہا ہے۔ حکومت بارش سے متاثرہ علاقوں میں فی الفور ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کو یقینی بنائے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے بگڑے ہوئے معاملات اور بحران کے ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے۔ ندی نالوں پر ناجائز تجاوزات کو فوری ختم کرایا جائے۔ شہری عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ متاثرہ شہریوں کی آباد کاری کیلئے سرکاری طور پر انتظامات کئے جائیں۔ بارش کی تباہ کاریوں میں جاں بحق اور زخمی ہو جانے والے افراد کو فی الفور معاوضہ ادا کیا جائے۔ اجلاس میں بارش کی تباہ کاریوں میں جاں بحق ہو جانے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 289861
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش