0
Tuesday 6 Aug 2013 11:20

لداخ میں بڑھتی ہوئی چینی دخل اندازی، بھارتی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا ہنگامہ

لداخ میں بڑھتی ہوئی چینی دخل اندازی، بھارتی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا ہنگامہ
اسلام ٹائمز۔ چینی فوج کی تازہ دخل اندازی پر بھارتی پارلیمنٹ میں حکومت پر سوالات کی بوچھاڑ، ہنگامہ آرائی اور بحث و تکرار کے بیچ وزیر دفاع اے کے انٹونی نے یہ بات دہرائی کہ اس طرح کے واقعات لائن آف حقیقی کنٹرول کے بارے میں متضاد اندازوں کی وجہ سے پیش آتے ہیں جبکہ ملک کی سالمیت، سلامتی اور وحدت کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، لداخ میں مسلسل در اندازیوں کے ساتھ ساتھ اب چینی فوج نے بھارتی فوج کو اپنی حدود کے اندر بھی گشت کرنے سے روک لگا دی ہے، چین نے بھارتی فوج کو شمالی لداخ کے ٹریڈ جنکشن ایریا میں حد متارکہ کے 14 کلومیٹر اندر دو بھارتی چوکیوں کے درمیان ہونے والی ترنگا گشت کو روک دیا، بھارتی سرکاری ذرائع کے مطابق چینی فوجی اہلکار چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سوار ہوکر آئے اور بھارتی فوج کو روک دیا، گشتی پارٹی کو چینی فوج کی طرف سے ایک بینر دکھایا گیا جس پر درج تھا کہ یہ چینی زمین ہیں اور بھارتی فوج یہاں گشت نہیں کرسکتی، اپریل سے 21 دفعہ یہ گشت کرنے کی کوشش کی گئی تاہم چینی فوج نے صرف دو بار ہی یہ گشت مکمل ہونے دیا۔

چنانچہ یہ معاملہ پیر کو لوک سبھا میں پوری کارروائی کے دوران چھایا رہا اور متعدد ممبران نے اس پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا، پارلیمنٹ کی کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 29 ممبران پارلیمنٹ نے یہ معاملہ اٹھایا اور سرکار پر اس سلسلے میں جواب طلب کیا، بی جے پی، بی ایس پی، ایس پی، ترنمول کانگریس سمیت مختلف پارٹیوں سے وابستہ ان ممبران نے پارٹی سیاست سے بالاتر ہوکر لداخ میں چینی فوج کی متواتر دراندازی کے بارے میں حکومت سے اس بات کا جواب مانگا کہ وہ اس ضمن میں کس طرح کے اقدامات اٹھارہی ہے، سوالات کی بوچھاڑ اور شور شرابے کے دوران کئی ممبران نے اس مسئلے کو لیکر تیز تر بیانات بھی دئے جبکہ کئی ارکان پارلیمان نے ہنگامہ آرائی کے دوران حکومتی ارکان سے گرم گفتاری بھی کی۔

اس موقعہ پر بھارتی وزیر دفاع اے کے انٹونی نے ممبران کو مطمئن کرنے کے لئے ایوان میں بیان دیا، انہوں نے لداخ کے بارے میں ایک مرتبہ پھر اس بات کی وضاحت کی کہ وہاں کچھ مقامات پر لائن آف ایکچول کنٹرول کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے اور بھارت و چین کے افواج اس بارے میں مختلف اندازے رکھتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اسی وجہ سے اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں، جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ چینی فوجیوں نے بھارتی حدود میں داخل ہوکر فوج کی چوکیاں کیوں مسمار کیں؟ انٹونی نے بتایا کہ دونوں ملکوں کی فوجیں اپنی اپنی حدود میں گشت کرتی ہیں لیکن حقیقی لائن آف کنٹرول کے بارے میں مختلف اندازوں کی وجہ سے ایسے واقعات پیش آتے ہیں، انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملات چین کے ساتھ متواتر طور اٹھائے جاتے ہیں جس کے لئے دونوں ملکوں کے مابین ایک میکانزم موجود ہے۔
خبر کا کوڈ : 290116
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش