0
Tuesday 13 Aug 2013 17:55

پنجاب میں غیر ملکیوں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی فورس بنانے کا فیصلہ

پنجاب میں غیر ملکیوں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی فورس بنانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے اور اس کی سالمیت کیلئے ہمیں مل جل کر دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہو گا، بیرونی سرمایہ کاری کے لئے امن و امان کا قیام بے حد اہمیت کا حامل ہے اور اسی اہمیت کے پیش نظر حکومت پنجاب نے غیر ملکیوں کی حفاظت کے لئے’’ خصوصی فورس‘‘ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جو صرف اور صرف مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کے تحفظ کے فرائض سرانجام دے گی، وزیر اعلی نے یوم آزادی کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس میں چار ہزار کانسٹیبلوں کی بھرتی کا عمل فوری شروع کیا جائے اور اس ضمن میں نہایت شفاف طریقہ کار اپنایا جائے۔

وہ آج لاہور میں امن و امان کی صورتحال، صوبے میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی حفاظت اور یوم آزادی کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان، صوبائی وزیر ماحولیات کرنل(ر) شجاع خانزادہ، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ سینئر افسروں نے شرکت کی۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اور اسے دہشت گردی کے ناسور کا سامنا ہے ، بدامنی کی آگ نے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، دہشت گردی کو شکست دینے اور ملک کو امن وامان کا گہوارہ بنانے کیلئے ہمیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہو گا اور ملک میں لگی بدامنی کی آگ کو ٹھنڈا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی بے حد ضروری ہے اور پرامن فضا کے قیام کے بعد ہی یہ بیرونی سرمایہ کاری ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین، ترکی اور دیگر ممالک پنجاب میں توانائی اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں کی بہتری میں تعاون کر رہے ہیں، مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی حفاظت ہمارا فرض ہے اور اس مقصد کیلئے کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے غیر ملکیوں کی حفاظت کیلئے خصوصی فورس تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں قلیل اور طویل المعیاد لائحہ عمل مرتب کر کے آئندہ دو تین روز میں پیش کیاجائے جس کی روشنی میں فی الفور خصوصی فورس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے محکمہ پولیس میں چار ہزار کانسٹیبلوں کی فوری بھرتی کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں جہاں غیر ضروری طور پر پولیس کانسٹیبلان تعینات ہیں ان کی تفصیلات اکٹھی کی جائیں تا کہ ان کی خدمات عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کیلئے استعمال میں لائی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی یہ عمل شروع کیا گیا تھا اور اب دوبارہ اس عمل کو شروع کر کے جلد فہرستیں تیار کی جائیں۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہلڑبازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کو یقینی بنانے کیساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے،یوم آزادی کی تقریبات کی سیکورٹی کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں، ویڈیو کیمروں سے اہم مقامات اور ریلیوں کی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک جام ہونے کی شکایت پر متعلقہ حکام سے سخت باز پرس کی جائے گی، سینئر افسران یوم آزادی کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خود فیلڈمیں موجود رہیں اور مرتب کردہ سیکورٹی پلان پر ہر قیمت پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 292104
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش