0
Friday 30 Aug 2013 13:24

مفتی جعفر واحد قائد ہیں جنہوں نے ضیا جیسے آمر کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا، علامہ ناصر عباس جعفری

مفتی جعفر واحد قائد ہیں جنہوں نے ضیا جیسے آمر کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام کربلا گامے شاہ لاہور میں قائد ملت اسلامیہ علامہ مفتی جعفر حسین کی برسی منائی گئی، برسی کی تقریب ان کے مزار کربلا گامے شاہ میں ہوئی، جس میں مرحوم قائد کے سینکڑوں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری تھے جبکہ مرحوم کے مزار پر دعائے کمیل کا خصوصی اہتمام کیا گیا اور علامہ احمد اقبال رضوی نے دعائے کمیل کی تلاوت کی۔ اس موقع ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی بھی موجود تھے۔

برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے مرحوم قائد کی ملت کے لئے بے مثال خدمات پر روشنی ڈالی۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ بظاہر نحیف اور کمزور نظر آنے والے مفتی جعفر حسین چٹان سے بھی مضبوط ارادے کے مالک تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں واحد طاقتور ترین قائد مفتی جعفر حسین ہی تھے جنہوں نے اسلام آباد میں ضیاءالحق جیسے آمر کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج مفتی جعفر حسین ہم میں ہوتے تو ہماری ملت ان مسائل اور پریشانیوں کا شکار نہ ہوتی، انہوں نے اپنی محنت، ولولے اور مصمم ارادے سے پوری ملت تشیع پاکستان کو ایک لڑی میں پرو دیا تھا۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ دشمن نے ہماری ملت کے خلاف سازش کی اور ہماری بہادر، خوددار اور غیرت مند ملت کا شیرازہ بکھیر کر رکھ دیا گیا، لیکن آج مجلس وحدت مسلمین اپنے مرحوم قائد مفتی جعفر حسین کے افکار پر عمل پیرا ہے اور آج بھی مجلس وحدت بکھری ہوئی ملت کو ایک لڑی میں پرونے کیلئے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہم ملت کو متحد کرنے میں کافی زیادہ حد تک کامیاب ہوئے ہیں اور آج ہمارے ماتمی نوجوان، ہمارے ذاکرین عظام، ہمارے جید اور دردمند علماء کرام، ہمارے صالح اور باشعور نوجوان ہمارے ساتھ ہیں اور ہم سب ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کوئی جماعت یا گروپ نہیں بلکہ ایک پلیٹ فارم ہے جس پر ہم نے ملت کو متحد کرنا ہے، اس حوالے سے ہم تمام زعماء ملت، عمائدین، بزرگان سے رابطے میں ہیں اور انشاءاللہ وہ دن تاریخ کی یہ بوڑھی آنکھیں دیکھیں گی جب ملت تشیع پاکستان ویسے ہی متحد ہوگی جیسے مفتی جعفر حسین نے اسے متحد کیا تھا اور شہید علامہ عارف حسین الحسینی نے اسے بام عروج پر پہنچایا تھا۔ علامہ ناصر عباس نے نوجوان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ملت کے تمام افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے کردار ادا کریں، ملت تشیع کی بقا اتحاد میں ہے، دشمن نے ہمیں گروپوں میں تقسیم کرکے ہماری قتل وغارت کا بازار گرم کر دیا، ہم تقسیم تھے اس لئے اسے اپنی جارحیت کے ارتکاب کا موقع ملا لیکن اب نہیں، اب ملت جعفریہ پاکستان بیدار ہوچکی ہے اور دشمن کے عزائم جان چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مفتی جعفر حسین کی برسی کے تقریب میں ملت کی اس کثیر تعداد میں شرکت سے ثابت ہوگیا ہے کہ لوگ آج بھی مفتی جعفر حسین کے افکار کی عملی تعبیر چاہتے ہیں، اور مجلس وحدت مسلمین انشاءاللہ مرحوم قائد مفتی جعفر کے افکار کی روشنی میں ملت کو بام عروج پر پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں مفتی جعفر حسین اور علامہ شہید عارف حسین الحسینی جیسے قائدین نصیب ہوئے ہیں، ہم ملت کو اتحاد اور وحدت کا درس دیتے ہوئے ایک باعزت قوم بنائیں گے، ہم ملت کو ایسی قوم بنائیں گے جس کا دشمن اس پر وار کرنے سے پہلے سو بار سوچے گا۔
خبر کا کوڈ : 296957
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش