0
Saturday 7 Sep 2013 09:26

مسئلہ کشمیر پر عالمی کانفرنس بلائیں گے، صدر زرداری

مسئلہ کشمیر پر عالمی کانفرنس بلائیں گے، صدر زرداری
اسلام ٹائمز۔ صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی بھرپور سپورٹ کرتے رہیں گے۔ کشمیریوں نے لاکھوں کی تعداد میں قربانیاں دی ہیں۔ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ قوموں کی آزادی کی تحریک میں پچاس، سو سال کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔ کشمیریوں کو ان کا حق مل کر رہے گا۔ کشمیری ہمارا حصہ ہیں۔ پیپلز پارٹی کے نزدیک کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ کشمیریوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ کشمیری اپنی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔ صدر پاکستان نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان پہلے مسلح افواج کے ساتھ مناتے تھے آج یوم دفاع پاکستان کشمیریوں کے ساتھ منا رہے ہیں۔ صدر پاکستان نے کہا کہ شہید جمہوریت متحرمہ بے نظیر نے او آئی سی میں کشمیریوں کو ابزرور کا درجہ دلایا اور ساری زندگی کشمیریوں سے بھرپور کمٹمنٹ نبھائی۔ انھوں نے کہا کہ انشاء اللہ مسئلہ کشمیر پر بہت جلد عالمی کانفرنس بلائیں گے۔ صدر پاکستان نے کہا کہ کشمیر میں کوئی گھر ایسا نہیں جس نے کشمیر کی آزادی کے لیے کوئی شہید نہ دیا ہو اس لیے میرا ایمان ہے کہ کشمیریوں کا لہو رنگ لا کر رہے گا اور کشمیریوں کو جلد آزادی نصیب ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نےکشمیر ہائوس اسلام آباد میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی طرف سے دیئے جانے والے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل صدر پاکستان جب کشمیر ہائوس پہنچے تو ان کا پرجوش استقبال کیا گیا ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ یوم دفاع کے موقع پر صدر پاکستان کی کشمیر ہائوس آمد ایک تاریخی دن ہے اور یہ پاکستان کے استحکام اور اہل کشمیر کے ساتھ ان کی کمٹمنٹ کا عکاس ہے۔ پیپلز پارٹی ایک یونیورسٹی ہے جس پر تحریک شہید رانی کی سوچ اور فکر حکمرانی کر رہی ہے۔ شہید رانی نے پاکستان کو ایٹمی اور میزائل ٹیکنالوجی دی اور سب سے بڑھ کر پاکستان کے لیے اپنے لہو کا نذرانہ بھی دیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی اور کشمیر کے لیے ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ پاکستان کے استحکام اور سلامتی کے لیے اہل کشمیر اپنے لہو کا آخری قطرہ تک بہا دیں گے۔ تقریب سے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل اور وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر اور وزیر تعلیم میاں وحید نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 299437
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش