0
Sunday 29 Sep 2013 11:28

کشمیریوں کی غلامی کے ذمہ دار اپنے کیے کی سزا ضرور بھگتیں گے، امان اللہ

کشمیریوں کی غلامی کے ذمہ دار اپنے کیے کی سزا ضرور بھگتیں گے، امان اللہ
اسلام ٹائمز۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سرپرست اعلی امان اللہ خان نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے سابق سربراہ جنرل وی کے سنگھ کے انکشافات نے نہ صرف یہ ثابت کر دیا ہے کہ بھارتی حکومت جمہوریت اور سیکولرازم کی آڑ میں سیاستداںوں کی خریدوفروخت کے گھنائونے اقدامات میں مصروف ہے بلکہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کی حکومتیں بھارتی فوج کی زرخرید غلام ہیں اور وہان الیکشن کے نام پر نہ صرف کشمیری عوام کو دھوکہ دیا جاتا ہے بلکہ یہ انتخابات پوری دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ایک ناکام کوشش ہوتے ہیں۔ جنرل وی کے سںگھ کے حالیہ انکشافات یہ ثابت کرتے ہیں کہ جمہوریت کا پیروکار بھارت جمہوریت اور جمہوری اقدار کا قاتل اور دنیا کا انتہائی غیرمہذب اور غیرسنجیدہ ملک ہے جو سیاست سمیت ہر چیز کی خریدوفروخت پر یقین رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مظفرآباد میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

لبریشن فرنٹ کے نظریاتی سربراہ نے کہا کہ کشمیر کے کٹھ پتلی سیاستدانوں اور حکمرانوں کے بارے میں جنرل وی کے سنگھ کے انکشافات کشمیری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ انھوں ںے کہا کہ وی کے سنگھ کے انکشافات سے ابھی بہت سے باتیں واضح نہیں ہیں۔ جنرل سنگھ نے ابھی تک ان افراد کے نام منظر عام پر نہیں لائے جو فوج سے پیسے لیتے رہے ہیں اس لیے جنرل سنگھ کو چاہیے کہ جب انھوں نے ایک راز سے پردہ اٹھایا ہے تو اس کو مکمل طور پر اٹھائیں۔ امان اللہ خان نے کہا کہ بھارتی حکومت اور فوج کشمیر پر اپنا جبری قبضہ جاری رکھنے کے لیے روز اول سے ہی ایسے اقدامات کرتی رہی ہے۔ ہم نے بارہا کہا کہ بھارت فوجی طاقت اور پیسے کے زور پر کشمیریوں پر اپنا قبضہ جمائے بیٹھا ہے۔ وی کے سنگھ کے حالیہ انکشافات نے ہماری بات کو سچ ثابت کر دیا ہے۔

اںھوں نے کہا کہ ان سب اقدامات کے باوجود بھی بھارت یہ یاد رکھے کہ وہ کشمیر پر اپنا قبضہ زیادہ دیر تک برقرار نہیں رکھ سکتا۔ انھوں ںے کہا کہ جلد یا بدیر تمام حقیقتوں سے ایسے ہی پردہ اٹھتا جائے گا اور وہ دن بہت جلد آئے گا جب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت یا اس کی فوج کا ایک بھی کاسہ لیس باقی نہیں بچے گا۔ کشمیریوں کی غلامی کے ذمہ دار جتنے بھی کشمیری سیاست کار ہیں وہ ایک نہ ایک دن اپنا بویا کاٹیں گے اور اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ امان اللہ خان نے کہا کہ کشمیری قوم انے ہمدردوں اور غیرملکی آلہ کاروں کو پہچانے اور کشمیر کی آزادی کے حصول کے لیے کمربستہ ہو جائے۔ وہ دن دور نہیں جب ریاست جموں کشمیر آزاد خودمختار ہو کر اقوام عالم کی صفوں میں ایک باوقار مقام حاصل کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 306435
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش