0
Monday 21 Oct 2013 20:22

کشمیر پر بھارت کے جبری قبضے کا کوئی آئینی، جمہوری یا اخلاقی جواز نہیں ہے، سید علی گیلانی

کشمیر پر بھارت کے جبری قبضے کا کوئی آئینی، جمہوری یا اخلاقی جواز نہیں ہے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کے کشمیر کے بارے میں دئے گئے بیان کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اٹوٹ انگ کی رٹ لگانے سے ہمالیہ جتنے بڑے حقائق کو تبدیل کرنا ممکن ہے اور نہ اسطرح سے جبری فوجی قبضے کو جائز ٹھہرایا جاسکتا ہے، انہوں نے 27 اکتوبر کو مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس دن سلمان خورشید کو پیغام دیا جائے گا کہ کشمیر بھارت کی جاگیر نہیں ہے اور کشمیری عوام بھارتی قبضے کے خاتمے تک ہرصورت میں اور ہر قیمت پر اپنی جدوجہد کو جاری و ساری رکھیں گے، اپنے بیان میں حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے کہا کہ بھارت 27 اکتوبر 1947ء کو جموں کشمیر پر جبری طور قابض ہوا ہے اور اس قبضے کا کوئی آئینی، جمہوری یا اخلاقی جواز نہیں ہے، کشمیری عوام پچھلے 66 سال سے اس جبری قبضے کے خلاف برسرِ جدوجہد ہیں اور انہوں نے کبھی ایک لمحے کے لئے بھی اس کو دل سے قبول نہیں کیا ہے۔

کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ کہنے والے سلمان خورشید نے دن میں خواب دیکھنے کی رسم پوری کی ہے اور ایسے خواب دیکھنے پر ویسے کوئی پابندی بھی نہیں ہے، کیونکہ ان کے ذریعے سے ٹھوس اور منہ بولتے حقائق کو تبدیل کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی اسطرح سے کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو منسوخ کیا جانا ممکن ہے، علی گیلانی نے بھارتی وزیر داخلہ کو چلینج کیا کہ وہ اپنی افواج کو جموں کشمیر کی سول آبادیوں سے نکال دیں اور لوگوں کو اپنی خواہشات کے اظہار کا آزادانہ موقع فراہم کریں تو انہیں معلوم ہوجائے گا کہ ان کے اٹوٹ انگ والے دعوے میں کتنا دم ہے اور بھارت کی جموں کشمیر میں کیا پوزیشن ہے۔

درایں اثناء جموں و کشمیر فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر شاہ نے بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کے اس بیان کو کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے ایک بچگانہ بیان قرار دیا اور کہا کشمیر کسی ملک کی ملکیت نہیں ہے یہ کشمیریوں کا وطن ہے، پاک بھارت کشیدگی کےلئے بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کو وجہ قرار دیتے ہوئے شبیر شاہ نے کہا کہ بھارت کشمیر پر 1947ء سے فو ج کے بل بوتے پر حکومت کرتا رہا ہے کشمیریوں نے بھارت کی جبری حکمرانی کو کبھی تسلیم نہیں کیا ہے اور بھات آزادی پسند کشمیریوں کی سیاسی تحریک کو فوج اور فورسز کی مدد سے دباتا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 312925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش