0
Wednesday 28 Jul 2010 06:57

خفیہ دستاویزات کے افشا سے ایڈمرل مولن دہشت زدہ،پینٹاگون نے تحقیقات شروع کر دی

خفیہ دستاویزات کے افشا سے ایڈمرل مولن دہشت زدہ،پینٹاگون نے تحقیقات شروع کر دی
واشنگٹن:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق افغان جنگ کے بارے میں افشا کی جانیوالی خفیہ دستاویزات نے امریکی افواج کے سربراہ ایڈمرل مائیک مولن کو دہشت زدہ کر دیا،جبکہ امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔پینٹاگون کے ترجمان جیف مورل کا کہنا ہے کہ وکی لیکس کی رپورٹس مجرمانہ فعل ہے،راز افشا ہونے کے باوجود افغان حکمت عملی نہیں بدلیں گے۔ اے ایف پی کے مطابق کابل سے افغانستان جاتے ہوئے اپنے خصوصی طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی مسلح افواج کے سربراہ مائیک مولن نے کہا کہ ان ہزاروں دستاویزات کے افشا نے نہ صرف مجھے خوفزدہ کر دیا ہے،بلکہ ان غیر مصدقہ خفیہ رپورٹس کے اجرا سے افغانستان میں برسرپیکار ہمارے فوجیوں کی زندگی بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعہ کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اس بات کا خیال نہیں رکھتے کہ کسی قسم کی معلومات افشا کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا عملہ اس بات کا تعین کر رہا ہے کہ ان افشا کی گئی معلومات میں کیا بات نئی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ سامنے والی معلومات نئی نہیں ہیں،ان معاملات پر سینئر امریکی حکام نے گزشتہ سال  غور کیا تھا کہ جب افغان جنگ کیلئے نئی حکمت عملی تیار کی۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور آئی ایس آئی کردار کی تعریف کی۔ 
ادھر امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پینٹاگون کے ترجمان جیف مورل نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں گئی ہیں اور ہم یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کیا ان معلومات میں کوئی ایسی بات تو شامل نہیں،جو ہماری فورسز کو نقصان پہنچا سکتی ہو۔یہ ہمارے سر پر اچانک آ پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ نقصان کا اندازہ لگانے کے لئے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ 
ادھر ویب وکی لیکس عہدیدار نے بتایا کہ انہوں نے کسی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا،بلکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 ہزار معلومات کو روک لیا ہے۔جن میں ان پاکستانیوں اور افغانیوں کے نام شامل ہیں،جنہوں نے امریکا سے تعاون کیا تھا،جبکہ دوسری طرف سابق اور موجودہ خفیہ اہلکاروں نے کہا کہ دستاویزات کے انکشاف سے ان لوگوں کے لئے مشکلات پیدا ہو گئی ہیں،جنہوں نے تعاون کیا اور امریکی اتحادیوں کے ساتھ معلومات کے تبادلے کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

خبر کا کوڈ : 32390
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش