0
Wednesday 27 Nov 2013 21:06

دہشت گردی ڈرون حملوں کا ری ایکشن ہے، جمعیت طلبہ عربیہ

دہشت گردی ڈرون حملوں کا ری ایکشن ہے، جمعیت طلبہ عربیہ
اسلام ٹائمز۔ منتظم جمعیت طلبہ عربیہ صوبہ پنجاب مولانا عبید الرحمن عباسی نے کہا کہ ہنگو میں ڈون حملے سے ملک کی سلامتی و خود مختاری کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ حالیہ ڈرون حملے سے ثابت ہو گیا کہ حکومت نے ملک کو امریکہ کے ہاتھوں فروخت کر دیا۔ مشیر خارجہ اگر غیرت مند ہیں تو فوری مستعفی ہو جائیں۔ راولپنڈی میں فرقہ وارانہ کاروائی کی گئی۔ جمعیت طلبہ عربیہ نے ہمیشہ اتحاد و اتفاق اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے جدوجہد کی۔''ملتان میڈیا سنٹر'' میں سیکریٹری صوبہ عمر وقاص، سیکریٹری ضلع حافظ زبیر اور سیکریٹری اطلاعات حافظ ذیشان شبیر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبید الرحمن عباسی نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی بگڑی صورت حال، انتشار اور دہشت گردی کی بنیاد ڈرون حملے ہیں۔ ڈرون حملوں کا ری ایکشن دہشت گردی ہے۔ ڈرون حملوں کے ذریعے بے گناہ لوگوں کا قتل عام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ڈرون حملوں پرحکومت پاکستان کا معذرت خواہانہ رویہ اور صرف مذمتی بیان قوم کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ حکمران ڈرون حملوں پر دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے اصل حقائق سے قوم کو آگاہ کرے۔ ملک میں دہشت گرد کاروائیوں اور بد امنی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مقتدر لوگوں کا رویہ سامنے آ رہا ہے۔ APCمیں مشترکہ لائحہ عمل طے ہوا تاہم اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں کی گئی۔ 

انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بندش کیلئے جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا احتجاج ملکی تاریخ میں اہم سنگ میل ہے۔ نیٹو سپلائی بند کرنے کیلئے جمعیت طلبہ عربیہ جماعت اسلامی کے شانہ بشانہ ہے۔ نیٹو سپلائی اگر بند ہو جائے تو ڈرون حملے کبھی نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں فرقہ وارانہ کاروائی کی گئی جس میں پولیس افسران بھی شامل تھے۔ دہشت گردی اور فرقہ وارانہ کاروائیوں میں امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی ایجنسیاں ملوث ہیں۔ حکومت سانحہ راولپنڈی میں ملوث افراد کو بے نقاب کرے اور تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ اگر حکومت سانحہ راولپنڈی کی انکوائری میں بے بس ہے تو پھر واقعہ کی ذمہ داری خود قبول کرے۔ منتظم صوبہ نے حالیہ ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مفتاح العلوم ہنگو میں ڈرون حملے میں معصوم اور بے گناہ بچوں کو شہید کیا گیا۔ امریکہ دینی مدارس اور مساجد کا دشمن ہے۔ دینی مدارس کا دہشت گردی کا گڑھ کہنے والوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ دینی مدارس کو دہشت گردی کا گڑھ کہنا سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے اور عاشورہ کے موقع پر میڈیا نے اپنے ذمہ دار اور محب وطن ہونے کا ثبوت دیا۔ میڈیا فرقہ واریت کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 325267
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش