0
Wednesday 4 Dec 2013 11:41
نواز شریف کا دورہ مظفرآباد

کشمیر پر چوتھی جنگ چھڑ سکتی ہے، نواز شریف

کشمیر پر چوتھی جنگ چھڑ سکتی ہے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے آزادکشمیر کی ترقی اور خوشحالی کو اپنی ترجیح قرار دیتے ہوئے علاقے میں تعمیروترقی کے نئے دور کے آغاز کا اعلان کیا۔ مظفرآباد میں آزادجموں وکشمیر کونسل کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ مظفرآباد کو ٹرین کے ذریعے راولپنڈی اسلام آباد سے ملایا جائے گا۔ وزیراعظم نے آزادکشمیر کو شمالی علاقہ جات سے اور ملک کے مختلف شہروں سے ملانے کے لیے شاہراؤں کے متعدد منصوبے شروع کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔ اجلاس کے دوران آزاد جموں وکشمیر کونسل کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ جس کی مالیت 14 ارب 98 کروڑ روپے ہے۔ قدرتی حسن سے مالامال خطہ کشمیر سے دلی لگاؤ کا اظہارکرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے آزاد جموں وکشمیر کونسل کے 49 اجلاس میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر مظفرآباد پہنچے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آزاد جموں وکشمیر کونسل کا اجلاس مظفرآباد میں منعقد کر کے وزیراعظم نے آزادکشمیرکی تعمیر و ترقی کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ انہیں کشمیر سے دلی لگاؤ ہے اور وہ اسکی ترقی اور خوشحالی اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہیں۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور شاہراؤں کی تعمیر کیلئے بڑے منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مظفرآباد اور راولاکوٹ میں بین الاقوامی معیار کے ہوائی اڈے تعمیر کیے جائیں گے۔ مظفرآباد کو جدید شاہراؤں کے ذریعے میرپور، شمالی علاقہ جات اور تمام بڑے شہروں سے ملایا جائے گا تاکہ علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے۔ انہوں نے مظفرآباد سے تاؤ بٹ تک شاہراہ تعمیر اور وادی لیپہ کو ٹنل کے ذریعے مظفرآباد سے ملانے کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کشمیریوں کی برداشت سے باہر ہو رہی ہے۔ کنٹرول لائن پر دیوار تعمیر نہیں ہونے دیں گے۔

آزادکشمیر میں پن بجلی کے منصوبوں کے آغاز پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اس سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا اور عوام کو سستی بجلی مہیا ہو گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر قابل فخر خطہ ہے اس کے عوام نے اپنی بے پناہ صلاحیتوں سے عالمی سطح پر نام کمایا۔ خواہش ہے کہ آزادکشمیر کی حکومت تعمیر و ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ ہم اس سلسلہ میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میں نے کبھی بھی کشمیر کو اپنے سے الگ نہیں سمجھا۔ کشمیر ہمارے لیے اتنا ہی اہم ہے جتنے ملک کے دوسرے حصے۔ شفاحیت اور بہتر طرز حکمرانی پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے بدعنوانی کے خاتمے کا عہد کر رکھا ہے جو بھی اسے توڑے گا اس کا بھرپور محاسبہ کریں گے۔ مسئلہ کشمیر کے جلد حل کیلئے اپنے ٹھوس عزم کا اظہارکرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ انہوں نے اس مسئلہ کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور جنرل اسمبلی سمیت ہر عالمی فورم پر ٹھوس انداز میں کشمیری عوام کے موقف کو پیش کیا۔

نواز شریف نے یقین دلایا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر خطہ میں فلش پوائنٹ ہے اور یہ مسئلہ کسی بھی وقت دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان چوتھی جنگ کا باعث بن سکتا ہے۔ اس سے پہلے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت آزادجموں و کشمیر کونسل کے 14ارب 48کروڑ 30لاکھ روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ بجٹ میں آمدنی کا مجموعی تخمینہ 10ارب 93کروڑ 20لاکھ لگایا گیا ہے۔ 3ارب 55کروڑ روپے کا بجٹ خسارہ وفاقی حکومت پورا کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 327232
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش