0
Wednesday 4 Dec 2013 18:35

سانحہ یونیورسٹی، مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات کے خاتمہ کیخلاف پنجاب حکومت ہائیکورٹ پہنچ گئی

سانحہ یونیورسٹی، مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات کے خاتمہ کیخلاف پنجاب حکومت ہائیکورٹ پہنچ گئی
اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کی طرف سے پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کیخلاف درج مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے اقدام کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ لاہور پولیس نے پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کی طرف سے مبینہ طور پر اساتذہ کو حبس بیجا میں رکھ کر تشدد کرنے، شہر میں ہنگامہ آرائی اور بسوں کو جلانے پر مقدمات درج کئے تھے جن میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔ مذکورہ طلبہ کو منگل کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں معزز جج نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کر کے طلبہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

پنجاب حکومت نے عدالت کے اس اقدام کو آج لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ جسٹس نجم الحسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے گزشتہ روز کیس کی سماعت کی۔ جہاں صوبائی حکومت کے وکیل نے موقف اپنایا کہ طلبہ نے اساتذہ کو اغواء کیا، یونیورسٹی کو تالے لگانے کے علاوہ بسوں کو جلایا اور شہر میں خوف وہراس پھیلایا اور یہ اقدام دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کو دفعات بحال کرنے کا حکم دیاجائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 327398
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش