0
Friday 6 Dec 2013 18:29

عمران قوم کو دھرنوں پر لگا کر خود نیٹو سفیروں کیساتھ دعوتیں کھا رہے ہیں، رانا ثنا اللہ

عمران قوم کو دھرنوں پر لگا کر خود نیٹو سفیروں کیساتھ دعوتیں کھا رہے ہیں، رانا ثنا اللہ
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر قانون و بلدیات رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ کی حکومت کو گرانے کی ضرورت نہیں بلکہ یہ بیڈ گورننس اور کرپشن کی وجہ سے خود گر رہی ہے اور تحریک انصاف والے اس کا الزام کسی دوسرے پر تھوپنا چاہتے ہیں، لاپتہ افراد کا معاملہ آج سے نہیں گزشتہ کئی سالوں سے چلا آ رہا ہے، چیئرمین نادرا طارق ملک سے ہونیوالی ملاقات میں کسی قسم کے سخت جملوں کا تبادلہ نہیں ہوا بلکہ ملاقات میں پنجاب حکومت کے نادرا سے متعلقہ دو منصوبوں پر بات ہوئی، عمران خان ڈرون ڈرامہ اور نیٹو سپلائی روکنے کیلئے دوغلی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہیں، گزشتہ رات عمران خان نے جس کھانے میں شرکت کی وہاں نیٹو ممالک کے تمام سفیر موجود تھے۔

پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ مرکزی حکومت کو تحریک انصاف سے کوئی خطرہ لاحق نہیں کیونکہ حکومت کے پاس اپنی مطلوبہ تعداد پوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخباری اطلاعات ہیں کہ مولوی فضل اللہ پاکستان کے دورے پر آئے ہیں تاہم اسکا پتہ جماعت اسلامی یا تحریک انصاف کو ہو گا جو انکے حمایتی ہیں، وفاقی وزیر داخلہ بتا چکے ہیں کہ طالبان سے حکومت کے مذاکرات کے بارے جب کوئی پیشرفت ہو گی تو آگاہ کر دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نادرا کی برطرفی اور بحالی پر وفاقی وزیر داخلہ تفصیلی بات کر چکے ہیں اور وہی حکومت کا موقف ہے، طارق ملک چند روز قبل لاہور آئے تھے جن سے میری پنجاب حکومت کے دو منصوبوں کے حوالے سے ملاقات ہوئی تاہم اس ملاقات میں ان سے کسی بھی قسم کے سخت جملوں کا تبادلہ نہیں ہوا۔

صوبائی وزیر قانون نے بتایا کہ تحریک انصاف دھرنوں کے ذریعے قومی انتشار کی طرف بڑھ رہی ہے جبکہ انہیں قومی یکجہتی کی طرف جانا چاہیے، عمران خان کی اس معاملے میں دوغلی پالیسی ہے حالانکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ رات جس عشائیہ میں شرکت کی وہاں نیٹو ممالک کے تمام سفیر موجود تھے جنہیں پیغام محبت اور پیغام الفت دیا گیا کہ ہم آپ سے اور امریکہ سے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں، عمران خان قوم کو بائیکاٹ کا کہہ کر خود ان کے ساتھ بیٹھ کر کھانے کھا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی عمارت کے باہر دھرنے میں ایک صاحب اس انداز سے بڑھکیں مار رہے تھے اور حکومت کیخلاف تقریر کر رہے تھے لیکن ایسا لگ رہا تھا کہ کہیں یہ صاحب یہاں پر ہی اللہ کو پیارے نہ ہو جائیں اور یوں محسوس ہو رہا تھا کہ یہ سانسیں بھی چوری چوری لے رہے ہیں، بھلا ایسے افراد ایک منتخب حکومت کو کیسے گرا سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 328043
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش