0
Sunday 8 Dec 2013 22:23

بلوچستان، خالی بلدیاتی نشستوں پر انتخابات کا شیڈول 8 دن میں جاری ہو گا

بلوچستان، خالی بلدیاتی نشستوں پر انتخابات کا شیڈول 8 دن میں جاری ہو گا

اسلام ٹائمز۔ بلوچستان بلدیاتی انتخابات کے لئے خالی رہ جانے والی پانچ سو تیرہ نشستوں پر انتخابات کا شیڈول آئندہ آٹھ روز میں جاری کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ان نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع نہ ہونے اور حالات خراب ہونے کی وجہ سے الیکشن نہیں ہوئے۔ خالی نشستوں پر انتخاب کے بعد یونین کونسل چیئرمین اور ضلع کونسل کے انتخابات ہونگے۔ یونین کونسل چیئرمین اور ضلع کونسل کے ارکان کا انتخاب بالواسطہ ہوگا جبکہ انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان دس دسمبر کو کیا جائے گا۔ بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں سیاسی جماعتوں کی بجائے آزاد امیدوار اکثریت میں کامیاب ہوئے ہیں لہذٰا بلدیاتی انتخابات کے آئندہ مرحلے میں انہیں مرکزی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔ اب یونین کونسلز کے چیئرمین اور ضلع کونسل کے ارکان کا انتخاب ہونا ہے، جس میں اکثریت حاصل کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں کو آزاد امیدواروں کی ضرورت ہے۔ اس لئے سیاسی جماعتوں نے ابھی سے آزاد امیدواروں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔

الیکشن کمیشن ذرائع نے بتایا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے دوران صوبے بھر سے دو سو اکیس شکایات ملیں۔ زیادہ تر شکایات پولنگ میں تاخیر اور بیلٹ پیپر پر انتخابی نشان نہ ہونے کی ہیں، شکایات کا تناسب شہری علاقوں میں زیادہ تھا جبکہ کسی ووٹر کو روکنے کی شکایت کہیں سے نہیں ملی۔ اس سے قبل بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں ایک ہزار چھ سو اسی نشستوں میں سے ایک ہزار ایک سو نوے کے نتائج جاری کر دیئے گئے ہیں۔ آزاد امیدواروں کے حصے میں پانچ سو اٹھارہ سیٹیں آئی ہیں جبکہ نیشنل پارٹی کو ایک سو باون، پختونخوا میپ کو ایک سو تیس، پاکستان مسلم لیگ نواز کو ایک سو انتیس اور جے یو آئی (ف) کو ایک سو تیرہ سیٹیں ملی ہیں۔ باقی ایک سو اڑتالیس نشستیں دیگر جماعتوں کے حصے میں آئیں۔ بلوچستان کی واحد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی تمام اٹھاون نشستوں کے نتائج آ گئے ہیں، جس میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی بیس سیٹوں کے ساتھ آگے ہے اور نون لیگ دس نشستوں پر کامیاب ہوئی۔

کوئٹہ میں چودہ سیٹیں آزاد امیدواروں نے جیتیں جبکہ باقی دیگر جماعتوں کے حصے میں آئیں۔ صوبے کی میونسپل کارپوریشنز کی ایک سو چھیاسٹھ نشستوں میں سے ایک سو تینتالیس کے نتائج جاری ہو گئے ہیں۔ یہاں نیشنل پارٹی پچاس سیٹوں کے ساتھ سبقت لئے ہوئے ہے جبکہ پختونخوا میپ کو تیس، جے یو آئی ف کو چوبیس اور نواز لیگ کو چودہ سیٹیں ملیں۔ میونسپل کمیٹیوں کی چھ سو چھیاسی میں چھ سو سولہ کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ یہاں آزاد امیدوار سبقت لئے ہوئے نظر آئے جنہوں نے تین سو اکتالیس سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ اسی طرح نواز لیگ اور جے یو آئی باون، باون، پختونخوا میپ اور نیشنل پارٹی اکیاون، اکیاون نشستوں پر کامیاب ہوئیں۔ ضلع کونسل کی چھ سو سات نشستوں میں تین سو تہتر کے نتائج سامنے آئے ہیں۔ یہاں بھی آزاد امیدوار سب سے آگے ہیں۔ ان کے حصے میں ایک سو تریپن سیٹیں آئیں جبکہ نواز لیگ کو پچاس، نیشنل پارٹی کو اننچاس، جے یو آئی (ف) اور پختونخوا میپ کو اکتیس سیٹیں ملی ہیں۔

خبر کا کوڈ : 328631
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش