0
Friday 13 Dec 2013 18:48
4 سال میں شرح نمو سات فیصد تک لے جائینگے

نوجوان نسل ذمہ دار ہے قرضوں کا بہتر استعمال کرے گی، نواز شریف

نوجوان نسل ذمہ دار ہے قرضوں کا بہتر استعمال کرے گی، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ ساہیوال اور ملتان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ارکان پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ بینک بڑے صنعت کاروں کو بڑے قرض دیتے رہے ہیں، اب حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے قرضے جاری کرے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل ذمہ دار ہے، وہ قرضوں کا بہتر استعمال کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں ملک کی اقتصادی حالت بہتر ہوئی ہے۔ اگلے چار سال میں شرح نمو سات فیصد تک لے جائیں گے۔ وزیراعظم نے یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کے درجے کو حکومتی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے مذاکرات کا راستہ چنا۔ توقع ہے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔ کراچی میں شر پسندوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ توانائی سے متعلق اہداف اگلے تین سے چار سال میں حاصل کر لئے جائینگے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی صورتحال بہتری کی طرف جا رہی ہے، آئندہ 4 سال میں مجموعی پیداوار میں اضافے کی شرح 7 فیصد تک لے جائیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف کا ملتان اور ساہیوال ڈویژن کے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کے دوران کہنا تھا گذشتہ برسوں میں ملک کی معیشت کی طرف دھیان نہیں دیا گیا، جس کی وجہ سے معیشت کی حالت ابتر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کے 27 ملکوں کو بغیر ڈیوٹی برآمد کی اجازت سے ٹیکسٹائل کے علاوہ دیگر صنعتوں کو بھی فائدہ ہوگا۔ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنا حکومت کے امداد کے بجائے تجارت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے طویل مدتی منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں، کاروباری قرضہ اسکیم سے 30 لاکھ نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 330291
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش