0
Sunday 29 Dec 2013 18:27

قائد کے پاکستان کو دہشتگردوں سے نجات دلانا ہوگی، علامہ ناصر عباس جعفری

قائد کے پاکستان کو دہشتگردوں سے نجات دلانا ہوگی، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے حکومت کی 200 دن کی کارکردگی کو بدترین طرز حکمرانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حکمرانوں نے اپنے دور حکمرانی میں ملک کو دہشت گردی، ڈروں حملے، مہنگائی، بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا، انہی حکمرانوں کے دور میں ملک میں دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی اور محب وطن پاکستانیوں کا قتل عام ہوا۔ بجلی، گیس، پاکستانی کرنسی کی تاریخی بدترین گراوٹ، اشیائے خوردونوش کے آسمان کو چھوتے نرخوں نے غریبوں کے منہ سے ان کا نوالہ چھین لیا ہے اور غریب عوام فاقہ کشی کے سبب خودکشی پر مجبور ہیں، پاکستان میں قومی اثاثوں کو پرائیوٹائزیشن کے نام پر تجوریاں بھرنے کی تیاریاں ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ نااہل حکمرانوں کیخلاف اب عوام سڑکوں پر ہے، پاکستان پر مسلط دو خاندانوں کیخلاف عوام اٹھ کھڑے نہ ہوئے تو وہ دن دور نہیں کہ یہ سرمایہ دار طبقہ غریبوں کو اس ملک میں زندہ ہی نہیں رہنے دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قرضوں تلے دبے پاکستان کے حکمرانوں کے اثاثے روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں جبکہ کہ عوام ایک وقت کی روٹی کیلئے بھیک مانگنے پر مجبور ہیں، دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ پاکستان کے مستقبل اور بقا کے لئے ناگزیر ہے جبکہ یہاں دہشت گردوں کو بھتہ دینے اور ان کے ساتھ مذاکرات کے نام پر محب وطن عوام اور فورسز کا قتل عام کرایا جا رہا ہے، انہی دہشت گردوں کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے سبب سرمایہ کار پاکستان سے اپنا سرمایہ نکال رہے ہیں، پاکستان کی بہادر افواج کا عالمی سطح پر ان چند مٹھی بھر دہشت گردوں کے سبب وقار مجروح ہو رہا ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ محب وطن جمہوری قوتوں کو اس نازک دور میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، تاکہ قائداعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کو ان سرمایہ داروں، دہشت گردوں اور وطن دشمنوں سے نجات مل سکے۔
خبر کا کوڈ : 335429
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش