0
Wednesday 8 Jan 2014 23:20

وزیراعلٰی گلگت بلتستان کی صدر پاکستان سے ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال

وزیراعلٰی گلگت بلتستان کی صدر پاکستان سے ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ صدر پاکستان ممنون حسین نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے نوازئیدہ صوبے کی تعمیر و ترقی اور علاقے کے عوام کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔ موجودہ حکومت گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی اور قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت سے تعاون کو یقینی بنائے گی۔ صدر پاکستان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن گلگت بلتستان کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنایا جائیگا۔ صدر پاکستان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کے تعاون سے علاقے میں مستقل امن و امان اور تعمیر و ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کو یقینی بنایا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار صدر پاکستان ممنون حسین نے وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کی قیادت میں صوبائی کابینہ کے ممبران سے ایوان صدر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

ملاقات میں وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی بی کے عوام کے احساس محرومی کے مکمل خاتمے کیلئے گلگت بلتستان کو مکمل آئینی صوبہ بنایا جائے، جو گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت خطے کو آزاد کرا کے پاکستان کے ساتھ غیر مشروط الحاق کیا لیکن ابھی تک علاقے کے عوام آئینی حقوق سے محروم ہیں، لہٰذا گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنایا جائے، تاکہ پاکستان کے دیگر صوبوں کے عوام کی طرح گلگت بلتستان کو بھی تمام آئینی حقوق حاصل ہوں۔

جی بی وزیراعلٰی کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کرکے 34 کیا جائے، تاکہ عوام کے منتخب نمائندوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ گورننس آرڈر 2009ء میں ترمیم کا اختیار قانون ساز اسمبلی کو دیا جائے، تاکہ علاقے کی عوام کو درپیش مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جائے۔ دیامر بھاشہ ڈیم، بونجی ڈیم اور جگلوٹ سکردو روڈ جیسے اہم منصوبوں پر کام میں تیزی لائی جائے، تاکہ گلگت بلتستان سمیت پاکستان میں جاری لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جا سکے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت وفاقی حکومت سے پاور پراجیکٹس پر بھرپور تعاون کو یقینی بنائیگی۔ ملاقات میں وزیراعلٰی گلگت بلتستان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے لئے گندم پر سبسڈی کو برقرار رکھا جائے۔ صدر پاکستان ممنون حسین نے وزیراعلٰی گلگت بلتستان و صوبائی کابینہ کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پیش کردہ مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت کو ہدایت کی جائیگی۔
خبر کا کوڈ : 339064
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش