0
Tuesday 14 Jan 2014 22:59

ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام ملک بھر میں عید میلادالنبی (ص) کے جلوسوں کا انعقاد، شیعہ سنی وحدت کا فقیدالمثال مظاہرہ

ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام ملک بھر میں عید میلادالنبی (ص) کے جلوسوں کا انعقاد، شیعہ سنی وحدت کا فقیدالمثال مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام بارہ ربیع الاول کے حوالے سے لاہور، راولپنڈی، کراچی، ملتان، کوئٹہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر شہروں میں عید میلاد النبی کے حوالے سے اہل سنت بھائیوں کے ہمراہ ریلیاں نکالی گئیں اور جلوسوں میں بھرپور شرکت کرکے اتحاد امت کا فقیدالمثال مظاہرہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ لندن میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام بارہ ربیع الاول کے حوالے سے ریلی نکالی گئی، جس میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کراچی میں نمائش چورنگی پر مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام لبیک یارسول اللہ ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں شیعہ سنی افراد نے شرکت کی۔ ملک بھر میں جلوسوں کیلئے سبیلیں لگائی گئیں، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی و صوبائی دفاتر بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت مختلف ضلعی دفاتر پر چراغاں کیا گیا، بارہ ربیع الاول کے سلسلہ میں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ملک بھر میں ہونے والی بیشتر کانفرنسز میں مجلس وحدت مسلمین کے قائدین نے شرکت کی اور خطابات کئے۔

ملتان میں ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام سی آئی ڈی آفیسر چوہدری اسلم اور ہنگو کے شہید طالبعلم اعتزاز حسن کی یاد میں چراغاں کیا گیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مینار پاکستان پر ہونے والی کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے شرکت کی اور کانفرنس سے خطاب کیا، اس کے علاوہ علامہ امین شہیدی نے ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی سیرت کانفرنس میں بھی شرکت کی اور خطاب کیا۔ راولپنڈی میں مرکزی جلوس میں ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے اسٹال لگایا گیا اور نعت خوانی کے مقابلے کرائے گئے، نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے نعت خوانوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام گلگت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میلاد النبی (ص) کا سب سے بڑا پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں سنی شیعہ اکابرین نے شرکت کرکے اتحاد و وحدت کا بہترین مظاہرہ کیا۔

آزاد کشمیر میں بھی ایم ڈبلیو ایم کی قیادت نے ربیع الاول کی مناسب سے ریلی میں پھرپور شرکت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ میلاد کے جلوسوں میں شیعہ سنی بھرپور شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ ملک میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، فقط چند مٹھی بھر دہشتگرد اور تکفیری سوچ کے حامل افراد ہیں، جنہوں نے پورے ملک کے امن کو غارت کر دیا ہے۔ اگر ریاست اپنی بھرپور طاقت کے ساتھ ملک دشمن عناصر کیخلاف کارروائی کرے تو ان کا سدباب کیا جاسکتا ہے۔ آج ملک میں کوئی محفوظ نہیں، کبھی فوجیوں پر تو کبھی سویلینز پر حملے ہوتے ہیں۔ طالبان وطن عزیز کے غدار ہیں، جنہیں بھرپور طاقت سے کچلا جائے۔ اس موقع پر ملک میں امن و امان کے حوالے سے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 341118
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش