1
0
Saturday 25 Jan 2014 22:47

عوام نے 11 مئی کے بعد ایک بار پھر مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، محمد رضا رضوی

عوام نے 11 مئی کے بعد ایک بار پھر مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، محمد رضا رضوی

اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن سے جاری کردہ بیان کے مطابق حلقہ پی بی 2 کوئٹہ 2 کے عوامی نمائندے اور رکن صوبائی اسمبلی آغا محمد رضا نے مجلس کے کارکنوں سے اپنے ایک خطاب میں سانحہ مستونگ کے شہداء کے لئے دیئے جانے والے دھرنے کے حوالے سے شہداء کے لواحقین، کوئٹہ میں دھرنے میں شریک مرد و زن، پیر و جوان، خواتین و بچے، تمام رضا کاروں نیز پاکستان بھر میں مجلس وحدت مسلمین کی کال پر لبیک کہتے ہوئے تمام مکاتب فکر، سیاسی، مذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی کے کارکنوں، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کا شکریہ ادا کیا۔ جنہوں نے مظلوموں کی حمایت میں منعقد ہونے والے دھرنوں میں شرکت کرکے دھرنوں کو کامیاب بنایا۔ انہوں نے سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کا سکیورٹی کے انتظام پر بھی شکریہ ادا کیا۔ آغا رضا نے مزید کہا کہ اِن دھرنوں سے عوام کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں اور عوام کا مجلس وحدت مسلمین پاکستان پر اعتماد اور بھروسے میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ 11 مئی کے الیکشن میں جس طرح عوامی مینڈیٹ، عوام کی تائید کی صورت میں ہوا تھا۔ اس سے بھی بھاری مینڈیٹ ان دو دنوں میں شہداء کے لواحقین اور عوام کی ایک بھاری اکثریت نے مکمل اعتماد کرتے ہوئے دوبارہ دیا ہے۔ یہ مینڈیٹ 11 مئی کے مینڈیٹ سے بھی زیادہ بھاری ہے۔

کوئٹہ میں دھرنے کے شرکاء نے اپنی استقامت اور حوصلے سے پاکستان بھر میں دھرنوں کے شرکاء میں حوصلے اور استقامت کی بیداری پیدا کی ہے۔ اِن دھرنوں سے پاکستان بھر میں موجود دہشت گرد اور اُن کے حمائتیوں کو رُسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان واحد ملک گیر سیاسی جماعت ہے، جو بلا تفریق رنگ و نسل و مذہب و مسلک پاکستان کے تمام مظلوموں کے حقوق کے حصول کے لئے کوشاں ہے اور میدان میں حاضر ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مظلوموں کے لئے اللہ کی ایک عظیم نعمت ہے۔ جس کے تمام قائدین نِڈر، بےخوف، بلند حوصلہ، مخلص اور پاکستان اور پاکستان کے مظلوموں کا اپنے دل میں حقیقی درد رکھتے ہیں۔ سید محمد رضا آغا کا کہنا تھا کہ قوم کی خدمت کا حق ہر انسان کو حاصل ہے۔ سیاست کسی کی ذاتی میراث نہیں۔ نہ کوئی ماں کے پیٹ سے سیاست سیکھ کر آتا ہے۔ دین سیاست سے اور سیاست دین سے جدا نہیں۔ ہماری سیاست اللہ کی رضا اور اللہ کے مظلوم بندوں کے لئے ہے۔ سیاسی غرور و گھمنڈ کے بیماروں کو ہم بتا دینا چاہتے ہیں، کہ ہم سیاست میں کسی کو اپنا پیشوا نہیں مانتے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کوئٹہ میں مجلس وحدت مسلمین روز روشن کی طرح ایک حقیقت ہے۔ پاکستان اور کوئٹہ میں مجلس وحدت مسلمین سیاسی جماعت کی حیثیت سے اپنی جڑیں مضبوط کر چکی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین حلقہ پی بی 2 کے عوام کو کبھی بھی مایوس نہیں کرے گی اور کوئٹہ کے مظلوم عوام کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔

حلقے کے عوام نے انہیں بھاری مینڈیٹ دے کر اسمبلی میں اور علاقے میں اپنا نمائندہ بنایا ہے۔ عوامی مینڈیٹ کی پاسداری اور عوام کی تمناؤں و آرزوؤں کو پورا کرنا میرا فرض ہے۔ عوامی نمائندے آغا محمد رضا نے خبردار کیا کہ مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنے کے حوالے سے اگر وفاقی حکومت کی طرف سے کسی پس و پیش سے کام لیا گیا تو مجلس وحدت مسلمین پاکستان بھر میں اپنے کارکنوں اور مظلوم عوام کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی کال دے گی۔ وفاقی حکومت کے لئے مظلوم عوام کے سمندر کو روکنا محال ہو جائے گا۔ حلقہ پی بی 2 کے عوامی نمائندے آغا محمد رضا نے مرد و خواتین کارکنوں پر زور دیا کہ وہ 2 فروری کے "پیام شہداء اور اتحاد ملت کانفرنس" کی تیاریوں کو مزید تیز کریں۔ "پیام شہداء اور اتحاد ملت کانفرنس" میں ملک کے طول و عرض سے معتدل، انسان دوست، امن دوست اور محب وطن سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے قائدین نیز شہدائے پاک فوج و سکیورٹی فورسز اور امن اور استحکام پاکستان کی راہ میں شہید ہونے والے مظلوم عوام کے لواحقین شرکت کریں گے۔ کانفرنس سے پاکستان خصوصاً کوئٹہ میں شیعہ سنی اتحاد و بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ ملے گا۔ انتہاء پسندوں اور دہشت گردوں کی مایوسیوں میں مزید اضافہ ہو گا۔

خبر کا کوڈ : 345059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ایسے ہوتے ہیں علی کے نوکر
ہماری پیشکش