0
Tuesday 4 Feb 2014 13:59

انقلابِ اسلامی ایران مسلم ممالک میں بیداری کا ذریعہ بنا، متحدہ علماء محاذ

انقلابِ اسلامی ایران مسلم ممالک میں بیداری کا ذریعہ بنا، متحدہ علماء محاذ
اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیراہتمام اسلامی انقلاب ایران کی سالگرہ کے موقع پر علامہ آغا شیخ حسن صلاح الدین کی صدارت میں منعقدہ "اسلامی انقلاب امن عالم کا ضامن" سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا ہے کہ ایران کی ترقی، آزادی، خودمختاری اور خوشحالی کا سبب اسلامی انقلاب ہے، اسلامی انقلاب ایران کے باعث مسلم ممالک میں بیداری کی لہر پیدا ہوئی۔ علامہ آغا حسن صلاح الدین نے کہا کہ پاکستان سمیت عرب ممالک کا تحفظ بھی بیت المقدس کی آزادی سے جڑا ہوا ہے، جس کیلئے امام خمینی نے یوم القدس کا جرٲت مندانہ اعلان کیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبداللہ غازی، مولانا امین انصاری، ڈاکٹر عامر عبداللہ محمدی، مفتی عبدالسلام برکاتی، مفتی عبدالمجید اشرفی، علامہ غلام مصطفیٰ رحمانی، علامہ اظہر حسین نقوی، مولانا خان محمد بلوچ، علامہ شاہدین اشرفی، علامہ علی کرار نقوی، پروفیسر عثمان حسن قادری، علامہ مرتضٰی خان رحمانی، اسلم خٹک، لئیق احمد خان نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ دنیا میں عدل و انصاف، امن و اتحاد کیلئے اسلامی انقلاب ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا تھا، بدقسمتی سے امریکی غلامی کے اسیر مفاد پرست حکمرانوں، موقع پرست سیاستدانوں کے مقاصدِ پاکستان سے غفلت کے باعث آج پاکستان شریعت محمدی کے نفاذ سے محروم ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب پاکستان کا مقدر ہے، شریعت محمدی سے دوری کے باعث پاکستان موجودہ بدترین بدامنی، دہشت گردی، خودکش حملوں، بم دھماکوں اور استعماری سازشوں کا شکار ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کو فلسطین، کشمیر کی آزادی اور دنیا بھر میں غلبہء اسلام کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنی چاہیئے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہم برادر اسلامی ملک ایران کی حکومت اور عوام کو اسلامی انقلاب کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ ایران اتحاد بین المسلمین کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 348210
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش