0
Wednesday 5 Feb 2014 00:00

خالی اسامیوں کو ایف پی ایس سی کے ذریعے مشتہر کر کے بھرتیاں کی جائیں، چیف سیکرٹری

خالی اسامیوں کو ایف پی ایس سی کے ذریعے مشتہر کر کے بھرتیاں کی جائیں، چیف سیکرٹری
اسلام ٹائمز۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ڈاکٹر محمد یونس ڈھاگہ نے سیکرٹریز اور صوبائی وزراء کے آپس میں تعلقات کو قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر دو ہفتے میں اجلاس بلایا جائے تاکہ عوامی اہمیت کے حامل منصوبوں کو فوری طور پر تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف محکموں کے سیکرٹریز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹریز نے اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری نے کہا کہ صوبائی وزراء سیکرٹریز کے ساتھ مشاورت سے کام کریں تاکہ عوامی مسائل کے حل میں دشواری پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جن جن محکموں میں خالی آسامیاں ہیں، انہیں فوری طور پر ایف پی ایس سی کے ذریعے مشتہر کر کے بھرتیاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری رپورٹس کو ایک مہینے کے اندر مکمل کیا جائے اور ترقیاتی سکیموں کی بر وقت تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تمام سیکرٹریز مہینے میں دو بار عوامی معاملات اور مسائل کے حل کے لیے وزراء کے ساتھ میٹنگ کریں اور شکایات کے ازالے کو ممکن بنائیں۔ چیف سیکرٹری نے خطے میں بجلی کے بحران سے متعلق امور کے حوالے سے سیکرٹری برقیات کو ہدایت کی کہ وہ اس اہم مسئلے کے حل کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں۔ محمد یونس ڈھاگہ نے سیکرٹری صحت کو پولیو مہم میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی اور انہوں نے گلگت بلتستان کے ڈاکٹروں کو خطے میں ہی ہائوس جاب کی سہولت مہیا کرنے کے لئے موزوں ہسپتال مختص کرنے کی ہدایات جاری کیں، اسکے ساتھ ساتھ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی مانیٹرنگ کا نظام بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ خطے میں پائیدار قیام امن کے لئے مذہبی شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے اور علاقے میں قیام امن کے حوالے سے مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری نے تمام سیکریٹریز کو عوامی نوعیت کی سکیموں کو فوری حل کرنے اور ریکروٹمنٹ رولز بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر عطاء الرحمان، سیکرٹری انفارمیشن ڈاکٹر سعد خان، سیکرٹری ورکس فیصل ظہور و دیگر سیکرٹریز اور ڈپٹی سیکرٹریز بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 348456
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش