0
Friday 7 Feb 2014 20:24

طالبان کی شریعت کا رسول اکرم (ص) کی شریعت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، مجلس وحدت مسلمین

طالبان کی شریعت کا رسول اکرم (ص) کی شریعت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، مجلس وحدت مسلمین
اسلام ٹائمز۔ امریکی ڈالروں پر پلنے والے طالبان کی شریعت اور یزید کی شریعت میں کوئی فرق نہیں ہے، 55 ہزار سے زائد بےگناہ پاکستانیوں کے قاتل کس منہ سے شریعت کے نفاذ کی بات کر رہے ہیں، برقعہ میں فرار ہونے والے مولانا عبدالعزیز کی ہرزہ سرائیاں اور شعائر اسلامی کی توہین ناقابل برداشت ہیں، تحریک انصاف میں موجود کلین شیو طالبان ملک کو دہشت گردوں کے حوالے کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے پشاور بم دھماکے اور خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے زخمیوں کے ساتھ متعصبانہ برتاؤ، طالبان سے مذاکرات، راولپنڈی اور کراچی میں بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر کراچی پریس کلب پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے رہنما علامہ مبشر حسن، آصف صفوی، علی حسین نقوی، علامہ علی عرفان عابدی، علامہ سلمان حسینی اور شبیر حسین شامل تھے۔

اس موقع پر شرکاء نے طالبان سے مذاکرات، پشاور دھماکے، وفاقی اور خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ امریکی ڈالروں پر پلنے والے طالبان کی شریعت اور یزید کی شریعت میں کوئی فرق نہیں ہے کیونکہ یہ وہی لوگ ہیں کہ بے گناہوں کو قتل کرتے ہیں، عورتوں اور بچوں سمیت عام عوام کے گلے کاٹتے ہیں اور اس عمل کے ذریعے شریعت نافذ کرنے کی بات کرتے ہیں، یہ کون سی شریعت ہے جو لوگوں کے بے پناہ قتل عام کے بعد نافذ کی جائے، طالبان کی شریعت کا رسول اکرم (ص) کی شریعت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔

رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ برقعہ میں فرار ہونے والے مولانا عبدالعزیز کی ہرزہ سرائیاں اور شعائر اسلامی کی توہین ناقابل برداشت ہیں، طالبان کے ملجا و ماویٰ آج بے نقاب ہو رہے ہیں، قوم ان کے چہروں کو پہچان لے کہ جو لوگوں پر زبردستی اپنی مرضی کا اسلام مسلط کرنا چاہتے ہیں، ایسے لوگ اسلام کی نہیں بلکہ اپنے آقا امریکہ، اسرائیل اور بھارت کی خدمت کر رہے ہیں اور دراصل یہی لوگ اسلام کے دشمن کل بھی تھے اور آج بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاورد ھماکے میں بے گناہ افراد کی شہادت تحریک انصاف کی طالبان نواز پالیسیوں کا نتیجہ ہے، تحریک انصاف میں موجود کلین شیو طالبان ملک کو دہشت گردوں کے حوالے کر رہے ہیں، ہر باغیرت پاکستانی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان عناصر کے خلاف میدان عمل میں نکلے اور اپنی مقاومت سے یہ بات ثابت کر دے کہ بانیان پاکستان کی اولادیں اپنے وطن کو دہشت گردوں کے حوالے ہرگز نہیں ہونے دیں گی۔
خبر کا کوڈ : 349356
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش