0
Thursday 13 Feb 2014 11:44

دہشگردوں کیخلاف تاریخ کا سخت ترین آپریشن کرنیکا مطالبہ کرتے ہیں، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

دہشگردوں کیخلاف تاریخ کا سخت ترین آپریشن کرنیکا مطالبہ کرتے ہیں، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے رُکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم ضلع بھکر کے سیکرٹری جنرل سفیر شہانی اور ان کے چار ساتھیوں کا اغواء پنجاب حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ ایم ڈبلیو ایم اور معتدل سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنوں کو ملک بھر میں ایک سازش کے تحت شہید اور اغواء کیا جا رہا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین اپنے کارکنوں کا اغواء کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ آغا رضا کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں عوام کی جان و مال کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ پنجاب کے ضلع بھکر سے اغواء ہونے والے ایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں کو ہر صورت بازیاب کرایا جائے۔ بصورت دیگر مجلس وحدت مسلمین ملک بھر میں احتجاجی لائحہ عمل طے کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک حکومت دہشت گردوں سے ہر پاکستانی مقتول کا قصاص طلب نہیں کرتی، تب تک پچاس ہزار شہداء کے قاتلوں کے ساتھ امن مذاکرات کا خواب نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکتا۔ اسلام محمدی (ص) مرد و عورت پر تعلیم کو فرض قرار دیتا ہے جبکہ طالبان کا اسلام خواتین دشمن اور تعلیم دشمن ہے۔ جو سکولوں کو دھماکوں سے تباہ کر رہے ہیں۔

اسلام خواتین کو پردے کے ساتھ گھر سے باہر نکل کر خریداری کرنے، روزمرہ کے کام انجام دینے اور ملازمت کرنے کی اجازت دیتا ہے لیکن طالبان کا اسلام خواتین کو گھر سے پردے کے ساتھ بھی باہر نکلنے کے خلاف ہے۔ اسلام ایک بےگناہ انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے جبکہ طالبان کا اسلام اپنے مقاصد کے حصول کے لئے انسانوں کو تاوان کے لئے اغواء کرنے اور بےگناہ انسانوں کو ذبح کرنا جائز سمجھتا ہے۔ دراصل طالبان کا اسلام اُن کی خود ساختہ جہالت، تنگ نظر اور متعصب سوچ پر مبنی قوانین ہیں۔ جنہیں وہ زبردستی اسلامی شریعت کے نام پر اٹھارہ کروڑ پاکستانیوں پر مسلط کرکے ملک میں جمہوریت پر شب خون مارنا چاہتے ہیں۔ لہٰذا پچاس ہزار بےگناہ انسانوں کے قاتل، آئین پاکستان کا صاف انکار کرنے والے اور قائداعظم کو کافر اعظم کہنے والے دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات نہیں۔ بلکہ تاریخ کا سخت ترین آپریشن کرکے ہی شہداء کے خون سے انصاف اور شہداء کے لواحقین کے زخموں پر مرحم رکھا جا سکتا ہے۔

خبر کا کوڈ : 351146
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش