0
Friday 28 Feb 2014 02:59

گومل یونیورسٹی کی وائس چانسلرشپ کانٹوں کی سیج ہے، ڈاکٹر عنایت اللہ بابر

گومل یونیورسٹی کی وائس چانسلرشپ کانٹوں کی سیج ہے، ڈاکٹر عنایت اللہ بابر
اسلام ٹائمز۔ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان، ڈاکٹر عنایت اللہ بابر نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے میری جدوجہد جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں روڈی خیل ہاؤس میں مسلم لیگ نون کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ مسلم لیگ نون کے وفد میں ضلعی صدر ملک ریحان ایڈووکیٹ، ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری ریاض ایڈووکیٹ، ڈویژنل جنرل سیکرٹری خرم ذیشان، سٹی جنرل سیکرٹری یامین جان، سٹی جائنٹ سیکرٹری حاجی عدیل عباس اور دیگر شامل تھے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کے پرانے گرڈ اسٹیشن کو چالو کرکے ہم نے گومل یونیورسٹی کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلادی ہے۔ یونیورسٹی کو اپنا گھر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں زرعی یونیورسٹی بننی چاہیے۔ ڈیرہ اسماعیل خان ایک زرعی علاقہ ہے، اگر تمام سرکاری افسران اور سیاستدان ملکر کوشش کریں تو زرعی یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے۔
 
سابق وائس چانسلر نے کہا تھا کہ ہمیں زرعی یونیورسٹی کی ضرورت نہیں ہے۔ جس کی وجہ سے فنڈز واپس چلے گئے تھے۔ جو کہ طلباء کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے یونیورسٹی کی ساٹھ فیصد چار دیواری مکمل کرلی ہے جبکہ باقی چالیس فیصد پر کام جاری ہے۔ جلد ہی یونیورسٹی کی چار دیواری مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ عوام کی کھلی کچہری میں جاؤں، جہاں مجھ سے یونیورسٹی کے متعلق سوالات کئے جائیں اور میں یہاں کے لوگوں کو بتاؤں کہ مختصر عرصے کے اندر میں نے کیا کام کئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کی وائس چانسلر شپ پھولوں کی نہیں کانٹوں کی سیج ہے اور یہاں مجھے کام کے حوالے سے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جس میں سے زیادہ حل ہوچکی ہیں اور کچھ باقی ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ نون کے ضلعی صدر ریحان ملک نے ڈاکٹر عنایت اللہ بابر کی کوششوں کو سراہا اور ان کی خدمات کو قابل تحسین قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 356361
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش