0
Wednesday 26 Mar 2014 00:21

روس امریکہ اختلافات، سرد جنگ کے خدشات گہرے ہو رہے ہیں

روس امریکہ اختلافات، سرد جنگ کے خدشات گہرے ہو رہے ہیں
اسلام ٹائمز۔ یوکرائن کے معاملے پر دنیا کی سات بڑی صنعتی طاقتوں نے روس کو جی ایٹ سے نکال دیا، روس اور امریکہ کے بڑھتے اختلافات سے سرد جنگ کے خدشات گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔ دنیا کے آٹھ بڑے صنعتی ممالک کی تنظیم جی ایٹ ٹوٹ گئی۔ روس ایک طرف جبکہ سات بڑی طاقتیں اس کے مدمقابل آگئی ہیں۔ یہ اقدام کرائمیا کو روس کا حصہ بنانے پر کیا گیا۔ ہیگ میں عالمی کانفرنس کے موقع پر امریکی صدر اوباما نے سات بڑی صنعتی طاقتوں کو یکجا کیا اور روس کے خلاف حکمت عملی بنائی۔ جاپان، کینڈا، جرمنی، اٹلی، فرانس، برطانیہ اور امریکہ نے مشترکہ اعلامیہ میں واضح کیا کہ جون میں روس کے شہر سوچی میں جی ایٹ اجلاس میں شرکت نہیں کی جائے گی، جبکہ سات ممالک یورپی یونین کے ہیڈکوارٹر برسلز میں جمع ہوں گے۔ روس کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر اس کی فوجیں یوکرائن کے اندر داخل ہوئیں تو دفاع اور توانائی سمیت اس کی معیشت کے ستون سمجھے جانے والے شعبوں پر پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔
 
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے روس اور امریکہ کے درمیان سرد جنگ دور کی طرز پر دشمنیاں جنم لیں گی۔ جس کا اثر پوری دنیا کی معیشت پر پڑ سکتا ہے۔ ادھر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا ہے کہ G7 ممالک کے اس اقدام سے روس کو زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے دی ہیگ میں اپنے یوکرائنی ہم منصب سے ملاقات کی ہے جسے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مغربی ممالک بھی اس ملاقات کیلئے زور دیتے رہے، تاہم روس اب تک انکاری تھا۔ کرائمیا میں ریفرنڈم کے نتیجے میں روس نے اسے یوکرائن سے علیحدہ کرکے اپنا حصہ بنالیا تھا۔ روسی افواج نے کرائمیا کے فوجی اڈوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
مترجم : سید اسد رضا نقوی
خبر کا کوڈ : 365793
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش