0
Wednesday 26 Mar 2014 12:02

عوام صوبہ کے مثالی امن کو مسلک کے نام پر خراب کرنیوالے عناصر سے ہوشیار رہیں، سید محمد رضا

عوام صوبہ کے مثالی امن کو مسلک کے نام پر خراب کرنیوالے عناصر سے ہوشیار رہیں، سید محمد رضا

اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء سید محمد رضا نے کہا کہ پاکستانیوں کو اسلام اور مسلمانوں کے خلاف بین الاقوامی اور داخلی سازشوں کے مقابلے میں آگاہ اور متحد رہنا چاہیئے۔ آغا محمد رضا نے اتحاد بین المسلمین کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں مسلکی مسائل کی بنیاد پر سیاست کرنے کی بجائے بلاکسی تفریق کے اسلام کی مضبوطی، ملکی استحکام، بندگان خدا کی خدمت، جوانوں کی سائنس و ٹیکنالوجی جیسے جدید علوم میں تعلیم و تربیت کے لئے کام کرنے کی زیادہ ضرورت ہے۔ مسالک کے مابین محبت و بھائی چارے کی ایسی مثال قائم ہونی چاہیئے۔ جس سے ہم ایک دوسرے کے دکھ درد کو محسوس کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم، قبیلے یا مسالک میں منقسم رہنے سے اسلام اور پاکستان کو کبھی بھی کوئی فائدہ نہیں پہنچ سکتا۔ نہ اسلام میں اِن بنیادوں پرتقسیم کی کوئی گنجائش ہے۔ اسلام قوم، قبیلہ اور مسلک کے نام پرکسی بھی قسم کے امتیاز کا قائل نہیں۔ بلکہ اسلام اُن تمام انسانوں کو چاہے اُن کا کسی بھی قوم و قبیلہ یا مسلک سے تعلق ہو اور جو اللہ تعالیٰ پر ایمان لائے ہیں۔ برابر سمجھتا ہے۔ تاہم اللہ کے نزدیک بلند درجات اُنہی کو حاصل ہو سکتے ہیں جو زیادہ متقی ہو۔ آغا رضا نے مزید کہا کہ پاکستان میں مسالک کے مابین اختلافات کی باتیں کرنے والے اسلام اور پاکستان کے لئے زہر قاتل ہیں۔ پاکستان اور اسلام محمدی کے دشمن گہری منصوبہ بندی کے تحت بلوچستان میں مسالک کی بنیاد پر منافرت پھیلانے کی گھناؤنی سازشوں میں مصروف ہیں۔ بلوچستان کے عوام امن پسند اور ایک دوسرے کے عقائد و نظریات کا احترام کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام صوبہ کی مثالی امن کو مسلک کے نام پر خراب کرنے والے عناصر سے ہوشیار رہیں۔ کسی کو اس بات کی اجازت نہ دیں کہ وہ آپ کے مذہبی جذبات و احساسات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبے کو مذہبی یا مسلکی انتہا پسندی کی آگ میں جھونک دیں۔

خبر کا کوڈ : 365903
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش