0
Saturday 29 Mar 2014 13:28

وفاقی حکومت آل سعود سے شام میں مقامات مقدسہ کی توہین پر احتجاج کرے، ایم ڈبلیو ایم/آئی ایس او

وفاقی حکومت آل سعود سے شام میں مقامات مقدسہ کی توہین پر احتجاج کرے، ایم ڈبلیو ایم/آئی ایس او
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر جمعہ کو ملک گیر یوم عظمت ناموس صحابہؓ کے عنوان سے منایا گیا، اس حوالے سے شہر قائد کے تمام نماز جمعہ اجتماعات میں تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے شام میں اصحاب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت اویس قرنیؓ اور حضرت عمار یاسرؓ کے مزارات کے ساتھ کی جانے والی بے حرمتی کی شدید مذمت کی گئی۔ احتجاجی مظاہروں سے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء علامہ شفقت شیرازی، یعقوب حسینی، علامہ علی انور جعفری، آئی ایس او کراچی کے رہنما آل علی، کاظم حسین، علامہ مبشر حسن، مولانا باقر زیدی، علی حسین نقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا جبکہ ایم ڈبلیو ایم کراچی اور آئی ایس او کے زیراہتمام مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد دربار حسینی برف خانہ ملیر کے باہر کیا گیا۔

مظاہرے سے خطاب میں علامہ حسن صلاح الدین اور احسن عباس رضوی کا کہنا تھا کہ ناموس صحابہ کی حرمت کا دم بھرنے والوں کو شام میں اصحاب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مزارات کے ساتھ کی جانے والی بے حرمتی نظر نہیں آتی، عالمی استعماری قوتیں خلیجی و عرب ممالک کی سرپرستی میں شام میں بے گناہ شہریوں سمیت مقدس مقامات کی مسلسل توہین میں مصروف ہیں، شام میں استعمار مخالف بشار الاسد حکومت کے خلاف برسر پیکار تکفیری دہشت گرد ان اصحاب کے مزارات کو حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں جو محبِ محمد وآل محمدصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں، عرب حکمرانوں نے اسرائیلی و امریکی ایماء پر 80 سے زائد ممالک سے شدت پسند تکفیری دہشت گردوں کو شام میں لا کر آباد کیا ہے، مقامات مقدسہ سمیت سینکڑوں بے گناہ مسلمان شہریوں کو ان تکفیری دہشت گردوں نے تہہ تیغ کیا ہے، انسانی حقوق کے ادارے، او آئی سی اور اقوام متحدہ شام میں عرب ممالک کی مداخلت کا نوٹس لیں۔ رہنماؤں نے حکومت پاکستان کو متنبہ کیا کہ وہ ڈیڑھ ارب سعودی امداد کے بدلے فوج اور اسلحہ شام بھیجنے کی کوششوں سے باز رہے، پاکستان کے عوام شام میں مسلمان بھائیوں کے قتل عام کے لئے اپنی فوج اور اسلحے کی فراہمی قطعاً برداشت نہیں کریں گے، نواز شریف بحرین کے ڈکٹیٹر شاہ حماد بن عیسٰی ٰکے ساتھ کئے گئے تمام خفیہ معاہدوں کو جلد از جلد منظر عام پر لائیں۔

رہنماؤں نے وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی حکومت سے شام میں ہونے والے مقامات مقدسہ کی توہین اور حملوں پر سفارتی سطح پر احتجاج کرے، طالبان سے مذاکراتی پالیسی پر بھی نظرثانی کی جائے، شہداء کے ورثاء کی مرضی کے برخلاف پچاس ہزار سے زائد شہداء کے قاتلوں کو معاف کر دینا حکومت کا اختیار نہیں، طالبان کے ساتھ سودے بازی کو محب وطن عوام مسترد کرتے ہیں، اگر طالبان دہشت گردوں کو رہا کیا گیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ درایں اثناء ملیر کے علاوہ جامع مسجد جعفریہ نارتھ کراچی، عزا خانہ صغریٰ کورنگی، جامع مسجد امام موسٰی کاظمؑ کورنگی کراسنگ اور جامع مسجد بوتراب عزیز آباد میں بھی بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کئے گئے، جن میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ مردہ باد، اسرائیل نامنظور، تکفیریت مردہ باد، طالبان مردہ باد اور مذاکرات نامنظور کے نعرے درج تھے۔
خبر کا کوڈ : 367007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش