0
Tuesday 8 Apr 2014 16:30

تحریک انصاف کا تحفظ پاکستان بل چیلنج کرنیکا اعلان، اعلٰی قیادت کو ٹیکس دینا ہوگا، عمران خان

تحریک انصاف کا تحفظ پاکستان بل چیلنج کرنیکا اعلان، اعلٰی قیادت کو ٹیکس دینا ہوگا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے تحفظ پاکستان بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا، عمران خان کہتے ہیں جب تک ملک کی اعلٰی قیادت ٹیکس نہیں دیتی پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔ اثاثوں کی جانچ پڑتال کا کام مجھ سے شروع کیا جائے، جو اثاثے میرے نام پر نہ ہوں انھیں ریاست ضبط کر لے۔ پاکستان تحریک انصاف کے راہنما شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پارٹی سربراہ عمران خان کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ پاکستان بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کیلئے ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کی حمایت حاصل کر لی ہے۔ جلد ہی تحفظ پاکستان بل کو عدالت عظمٰی میں چیلنج کریں گے۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ ایوان مجھ سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈروں اور اراکین کے اثاثے ظاہر کروائے، تاکہ پتہ چلے کہ کس کس کے اثاثے ملک سے باہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اثاثوں کی جانچ پڑتال کا کام مجھ سے شروع کیا جائے، جو اثاثے میرے نام پر نہ ہوں، انھیں ریاست ضبط کر لے۔ عمران خان نے کہا کہ چیزوں کی قیمتیں بڑھا کر اور بالواسطہ ٹیکس لے کر غریب کو غریب تر اور امیر کو امیر تر کیا جا رہا ہے۔ لہٰذا جب تک اعلٰی قیادت خود ٹیکس دینا شروع نہیں کرتی، ٹیکس کی شرح میں اضافہ نہیں ہوسکتا۔ عمران خان نے کہا کہ آج دنیا میں ہماری کوئی عزت نہیں کرتا اور ہم بھکاریوں کی طرح ہر جگہ ہاتھ پھیلاتے ہیں۔ اس لئے آج ہم نے اسمبلی میں لیڈروں کے اثاثوں اور ٹیکس کی چھان بین کے لئے بل پیش کیا، تاکہ تمام حقیقیت سامنے آسکے اور جب لیڈرشپ ٹیکس دے گی تو اسمبلی کی عزت بڑھے گی۔
خبر کا کوڈ : 370689
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش