0
Wednesday 9 Apr 2014 00:23

قوم سکیورٹی فورسز کی تحقیر پر خاموش نہیں رہے گی،صاحبزادہ حامد رضا

قوم سکیورٹی فورسز کی تحقیر پر خاموش نہیں رہے گی،صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ڈیڑھ ارب ڈالر دینے والوں کو خوش کرنے کے لیے دہشت گرد رہا کیے جا رہے ہیں۔ جنرل ضیاء الحق کی گود میں پرورش پانے والے جمہوریت کے چیمپین بن رہے ہیں۔ میاں نواز شریف ماضی کی غلطیاں نہ دہرائیں۔ پاک فوج کو کمزور کرنا پاکستان دشمن قوتوں کا ایجنڈا ہے۔ پاک فوج پر تنقید کرنا حُبّ الوطنی نہیں۔ پرویز مشرف کی آڑ میں پاک فوج کی کردار کشی کرنے والے ملک دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کرپشن کرنا بھی ملک سے غداری ہے لیکن قومی خزانے کے اربوں روپے کھانے والے نام نہاد لیڈر آزاد پھر رہے ہیں۔ کرپٹ سیاسی لیڈروں اور بیوروکریٹس پر بھی غداری کے مقدمے چلائے جائیں۔ فوج پر غیرضروری تنقید کرنے والے سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ پوری قوم کو پاک فوج پر فخر ہے اور قوم فوج کی بے مثال قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ نواز شریف کے اردگرد موجود تمام لوگ جنرل ضیاء کے ساتھی رہے ہیں۔ جنرل ضیاء الحق کے دور میں دہشت گردی کے بیج بوئے گئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولانا محمد اکبر نقشبندی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ فوج کی توہین ناقابل برداشت ہے۔ قوم سکیورٹی فورسز کی تحقیر پر خاموش نہیں رہے گی۔ وزیراعظم خواجہ سعد رفیق اور خواجہ آصف کے خلاف کارروائی کریں۔ بے گناہوں کا خون بہانے والے مجاہد نہیں ہو سکتے۔ پیشہ ور قاتل بے گناہ لوگوں کا خون بہا کر پاکستان کو کمزور کر رہے ہیں۔ ملکی معیشت کو غیرملکی امداد اور آئی ایم ایف کے قرضوں پر چلایا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے انتخابی وعدے پورے نہ کر کے قوم کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ حکومت ضروریات زندگی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ ملک اداروں کے تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ افغانستان اور ہندوستان کے الیکشن کے اثرات پاکستان پر مرتب ہوں گے۔ یہ وقت اداروں اور پوری قوم کے درمیان ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا تقاضا کرتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 370790
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش