0
Tuesday 22 Apr 2014 14:28

کراچی میں رینجرز اور پولیس نے 3 متحدہ کارکنان، ٹارگٹ کلر سمیت کے 69 ملزم گرفتار کرلئے

کراچی میں رینجرز اور پولیس نے 3 متحدہ کارکنان، ٹارگٹ کلر سمیت کے 69 ملزم گرفتار کرلئے
اسلام ٹائمز۔ رینجرز اور پولیس نے کارروائیوں کے دوران ٹارگٹ کلر سمیت 69 ملزم گرفتار کر کے اسلحہ، دستی بم، منشیات اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز نے پاکستان چوک کے قریب سے 3 افراد ساجد عرف پپو، حمزہ اور شہزادہ کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ اطلاعات کے مطابق تینوں افراد متحدہ قومی موومںٹ برنس سیکٹر یونٹ 24 کے کارکن ہیں جو ریلوے سٹی کالونی کے رہائشی اور موٹر سائیکل ٹھیک کرانے پاکستان چوک آئے تھے جنھیں رینجرز نے حراست میں لے لیا، تینوں افراد کے اہلخانہ نے رینجرز ہیڈ کوارٹرز پہنچ کر زیر حراست نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تاہم رینجرز حکام نے حراست سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ان کے بچوں کو رینجرز نے حراست میں لیا اب لاعلمی کا اظہار حیران کن ہے، بعد ازاں رینجرز کی بھاری نفری نے ریلوے سٹی کالونی پیلی بھٹ کے قریب ایک جگہ کھدائی کرائی جہاں سے کچھ برآمد نہیں ہوا۔ 

بعد ازاں رینجرز نے دعویٰ کیا کہ سٹی ریلوے کالونی کے ایک مین ہول سے 3 بوری اسلحہ برآمد ہوا ہے، ایس ایچ او ناظم آباد اعجاز لودھی نے گول مارکیٹ کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران ایک ملزم فیضان کو گرفتار کرکے اسلحہ، دستی بم اور موٹر سائیکل برآمد کرلی، پولیس کے مطابق ملزم نے 16 افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ہے۔ ملزم رضویہ جہانگیر آباد کا رہائشی اور سیاسی جماعت کا کارکن ہے، ماڑی پور پولیس نے مشرف کالونی سے گینگ وار کے 3 کارندوں واجد بلوچ، شیر حسن عرف شیرا اور لعل بخش کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزمان اغواء، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔ فیروزآباد پولیس نے سوسائٹی قبرستان کے قریب چھاپہ مار کر 2 ملزمان شانی اور زوہیب کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، گارڈن پولیس نے خفیہ اطلاع پر چڑیا گھر کے قریب سے منشیات فروش ممتاز کو گرفتار کرکے ڈیڑھ کلو چرس برآمد کرلی۔ پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
خبر کا کوڈ : 375347
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش