0
Sunday 25 May 2014 21:54

کراچی، گینگ وار اور طالبان کارندوں سمیت 116 ملزم گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد

کراچی، گینگ وار اور طالبان کارندوں سمیت 116 ملزم گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے اور ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران لیاری گینگ وار،کالعدم تحریک طالبان اور مبینہ ٹارگٹ کلر سمیت 116 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، دستی بم اور بڑی تعداد میں گرنیڈ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مبینہ ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس نے چھاپہ مار کر لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے ملزم خالق عرف جاپانی کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا، رینجرز نے منگھوپیر کواری کالونی، پختون آباد، اورنگی ٹاؤن اور اس سے متصل علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن اور لیاری کے علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار اور کالعدم تحریک طالبان کے 15 سے زائد کارندوں کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ رینجرز ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گرفتار ہونے والے ایک ملزم کی نشاندہی پر لیاری پھول پتی لین اور چیل چوک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹرپل ٹو رائفل، ایک سب مشین گن، 4 پستول، 31اوان گرنیڈ، 5 ایچ ای 36 گرنیڈ اور ہزاروں کی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ شاہراہ نور جہاں پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلاک S میں لوٹ مار کرنے والے ملزم عزیز الرحمان کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد کر لیا۔

سرسید ٹاؤن پولیس نے نارتھ کراچی قباء مسجد کے قریب مقابلے کے بعد 2 ڈکیت شاہ خالد اور کاشف کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے مہران ٹائون اور بلال کالونی سے 4 ملزمان صدام حسین، علی، محمد عمران اور نواب علی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 4 ٹی ٹی پستول اور 40 گرام چرس برآمد کرلی، پولیس کے مطابق ملزمان عادی جرائم پیشہ ہے اور انھوں نے دوران تفتیش اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ بریگیڈ پولیس نے پریڈی اسٹریٹ کے قریب لوٹ مار میں مصروف ملزم شیراز ولد ارشد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پولیس نے 92ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 28 پستول، ایک دستی بم، 1807 گرام چرس اور 26 بوتلیں شراب کی برآمد کرلیں۔
خبر کا کوڈ : 386215
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش