0
Sunday 8 Jun 2014 23:32
ملک اور اسلام دشمن دہشتگردوں کیخلاف بھرپور آپریشن کیا جائے، علامہ شفقت شیرازی

تفتان، ایران سے واپس آنیوالے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ، خواتین سمیت 23 زائرین شہید، 28 سے زائد زخمی

تفتان، ایران سے واپس آنیوالے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ، خواتین سمیت 23 زائرین شہید، 28 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ پاک ایران بارڈر پر صوبہ بلوچستان کے علاقے تفتان میں واقع ہاشمی ہوٹل میں ایران سے کوئٹہ کی جانب آنے والے زائرین کو ایک مرتبہ پھر دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام دہشتگردوں نے ایران سے واپس آنے والے زائرین کو اس وقت اپنی بربریت کا نشانہ بنایا، جب زائرین ایرانی بارڈر سے کلیئرنس ملنے کے بعد تفتان میں واقع ہاشمی ہوٹل میں قیام پذیر تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہاشمی ہوٹل میں زائرین کی کل تعداد 213 کے لگ بھگ بتائی جا رہی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق تفتان میں‌ واقع ہاشمی ہوٹل میں پہلے دہشتگردوں نے زائرین پر شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا، بعدازاں دو خودکش بمباروں نے بھی اپنے آپ کو ہوٹل میں اُڑا دیا۔ 
دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے ترجمان کربلائی خادم کے مطابق اب تک شُہداء کی تعداد 23 ہوچکی ہیں، جبکہ 20 سے زائد زائر زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ شہید ہونے والے زائرین میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ شدید زخمیوں کے باعث شُہداء کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ تفتان کے علاقے میں ہسپتال اور دیگر طبی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں میں‌ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہیں۔ 

ادھر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹِی سیکرٹری جنرل اور خارجہ امور کے سربراہ علامہ سید شفقت شیرازی کا اسلام ٹائمز کیساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں کہنا تھا کہ ہم تفتان میں موجود ہنگو اور کوہاٹ کے علاقے کے 213 زائرین پر مشتمل قافلہ سالار کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق دہشتگردی کی اس بھیانک واردات میں کم از کم 23 زائرین شہید جبکہ 28 زخمی ہوچکے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ بلوچستان کے سیکرٹری سیاسیات اور رکن بلوچستان اسمبلی آغا سید محمد رضا سے بھی ہمارا رابطہ ہے اور آغا رضا وزیر داخلہ اور وزیراعلٰی بلوچستان کے ساتھ ملکر انہیں صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ  ٹیلفون پر ہونے والی گفتگو میں قافلہ سالار نے بتایا ہے کہ ہمیں انتظامیہ کی طرف سے آگاہ کیا گیا ہے شہداء اور زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر کی فراہمی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ 
اسلام ٹائمز کیساتھ ہونیوالی خصوصی گفتگو کے آخر میں علامہ سید شفقت شیرازی نے سانحہ تفتان اور کراچی ایئر پورٹ پر ہونیوالے دہشتگردانہ حملوں کی شدید مذمت کی۔ انکا کہنا تھا کہ وطن اور اسلام دشمن دہشتگرد بے گناہ افراد اور پاکستانی اثاثوں کو اپنی دہشتگردانہ کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں، جبکہ حکومت ان دہشتگردوں کی بیخ کنی کی بجائے مذاکرات کے ذریعے انہیں ڈھیل دیئے ہوئے ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ ان دہشتگردوں کے خلاف متحد ہو جائیں۔ علامہ شفقت شیرازی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اب وقت آن پہنچا ہے کہ ان وطن اور اسلام دشمن دہشتگردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے اور بے گناہ پاکستانی عوام کی ان کی بربریت سے نجات دلائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 390291
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش