0
Saturday 14 Jun 2014 19:20

عالمی قوانین میں رہتے ہوئے عراق کی مدد کرنے کو تیار ہیں، ڈاکٹر حسن روحانی

عالمی قوانین میں رہتے ہوئے عراق کی مدد کرنے کو تیار ہیں، ڈاکٹر حسن روحانی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اگر عراق نے کہا تو ہم ان کی مدد کرنے کو تیار ہیں کیونکہ ہمارے پاس دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ آج ہفتے کو صدارتی انتخابات میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ شمالی عراق میں شہروں پر قبضہ کرنے والے تکفیری دہشتگردوں کا تعلق ان عراقی رہنماؤں سے ہے جنہیں اپریل میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں شکست ہوئی تھی۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کی تصدیق کی کہ تاحال عراق کی جانب سے کسی قسم کی مدد طلب نہیں کی گئی، لیکن ساتھ ہی ساتھ یہ بھی واضح کیا کہ اگر مدد مانگی گئی تو ہم ان کا ساتھ دیں گے۔ انکا کہنا تھا "اگر عراق کی جانب سے مطالبہ سامنے آیا تو ہم اس کا جائزہ لیں گے، ابھی تک مدد کی کوئی درخواست نہیں کی گئی، لیکن ہم عالمی قوانین میں رہتے ہوئے مدد کرنے کو تیار ہیں۔" تاہم اس موقع پر انہوں نے فوجی کارروائی کے امکان کو رد کر دیا۔ "ہماری افواج کی عراق میں کارروائی کا معاملہ ابھی سامنے نہیں آیا، لیکن ہمیں لگتا ہے کہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔"

یاد رہے کہ ماضی میں عراق اور ایران کے درمیان تعلقات سخت کشیدہ رہے ہیں، لیکن 2003ء میں امریکہ کی عراق پر چڑھائی اور صدام حسین کی موت کے بعد ایران کے عراق کی حکومت سے سیاسی اور معاشی تعلقات میں واضح بہتری آئی۔ ایک سوال کے جواب میں ایرانی صدر نے عراق میں سرگرم تکفیری دہشتگردوں سے مقابلے کے لیے امریکی مدد اور تعاون پر بھی مشروط آمادگی ظاہر کی۔ انکا کہنا تھا "اگر امریکہ، عراق یا کسی اور ملک میں دہشت گردوں کے خلاف مزاحمت کرتا ہے تو ہم ان سے تعاون پر غور کرسکتے ہیں۔" یاد رہے کہ گذشتہ روز عراق کے مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمٰی سیستانی نے تکفیری دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عوام سے ہتھیار اٹھانے کا فتویٰ جاری کیا تھا۔ امریکی صدر بارک اوباما نے بھی عراق کی مدد کرنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ عراق کی مدد کرنے کے حوالے سے تمام امکانات کا جائزہ لیں گے، تاہم انہوں نے عراق میں امریکی فوجی بھیجنے کے امکان کو یکسر رد کر دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 391968
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش