0
Tuesday 8 Jul 2014 21:41

تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی سوچ ایک ہے، شاہ محمود قریشی

تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی سوچ ایک ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے ڈپٹی چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کی سوچ مشترکہ ہے، چودھری برادران سے ملاقات میں کئی معاملات پر کنفیوژن دور ہو گئی۔ لاہور میں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالہیٰ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنا نہ ہمارا مقصد تھا اور نہ ہے۔ ہم ملک کےجمہوری اداروں کی مضبوطی چاہتے ہیں، کسی بھی ملک میں جمہوریت کی بنیاد شفاف انتخابات ہوتے ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جب بھی انتخابات ہوتے ہیں تو ہر جانب سے دھاندلی کی آوازیں بلند ہوتی ہیں، 2013 کے انتخابات بھی شفاف نہیں تھے، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کا انعقاد کرانے میں ناکام ہوا۔ ہم ملک کو ہمیشہ کے لئے اصلاحی نظام دینا چاہتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کارکنوں کو 14 اگست کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کی تیاری کی کال دے دی ہے۔ ہم نے ایک سیاسی جماعت کی حیثیت سے لانگ مارچ کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی گرینڈ الائنس نہیں بن رہا اور نہ ہی کسی بھی سطح پر بیک ڈور بات چیت ہو رہی ہے، ہر جماعت اپنی سطح پر کوشش کر رہی ہے، چودھری برادران سے ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بہت سے معاملات پر کنفیوژن دور ہو گئی، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کی سوچ مشترکہ ہے اور کئی معاملات پر ان کی جماعت اور چودھری برادران کے درمیان ہم آہنگی ہے۔

اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین کے برعکس کوئی کام نہیں کیا جا رہا۔ ملک میں جمہوریت نہیں، اگر ہو گی تو ہی ڈی ریل ہو گی، جمہوریت ہوتی تو سانحہ لاہور پیش نہ آتا، اب تک اس واقعے میں ملوث ایک بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ شاہ محمود قریشی سے بہت سے امور پر تفصیلی بات ہوئی، اس سلسلے میں کل ڈاکٹر طاہر القادری سے بات کی جائے گی۔ چودھری پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ ملک میں نہ کوئی سننے والا اور نہ داد رسی کرنے والا ہے، ملک سے جمہوریت نہیں بلکہ موجودہ حکمران ڈی ریل ہو رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 398176
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش