0
Thursday 17 Jul 2014 08:57

لاہور، 7 گھنٹے سے سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلہ جاری

لاہور، 7 گھنٹے سے سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلہ جاری
اسلام ٹائمز۔ رائیونڈ روڈ پر وزیراعظم ہاؤس سے چند کلومیٹر دور سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان کئی گھنٹوں سے مقابلہ جاری ہے۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہل کار جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے ہیں۔ ایس پی اینویسٹی گیشن زاہد مروت کے مطابق آپریشن کی نگرانی سی سی پی او خود کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق رائیونڈ میں دہشت گردوں کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک کمپاؤنڈ کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن کے دوران کمپاؤنڈ میں موجود دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کا ایک جوان جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔ ایس پی زاہد مروت کے مطابق دہشت گردوں کی تعداد سے متعلق حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ دہشت گردوں کے پاس جدید اسلحہ موجود ہے جس سے فائرنگ کی جا رہی ہے جبکہ کمپاؤنڈ سے 2 راکٹ بھی فائر کیے گئے جس کے نتیجے میں قریبی مکانات کو نقصان پہنچا۔

سکیورٹی فورسز نے پنڈاریاں جانے والے تمام راستے سیل کرتے ہوئے علاقہ مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں اور چھتوں پر چڑھنے سے بھی گریز کریں۔ ایس پی زاہد مروت کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف 7 گھنٹے سے جاری آپریشن آخری مراحل میں ہے جسے جلد منطقی انجام تک پہنچا دیا جائے گا جبکہ آپریشن میں پولیس کے علاوہ ایلیٹ فورس اور حساس اداروں کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ رائیونڈ میں وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف سمیت کئی دیگر اہم شخصیات کی رہائشگاہیں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 399917
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش