0
Monday 21 Jul 2014 16:03

سلامتی کونسل کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

سلامتی کونسل کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔ غزہ کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس فلسطینی صدر محمود عباس کے مطالبہ پر طلب کیا گیا ہے۔ سلامتی کونسل کے 15 رکن ممالک نے غزہ میں بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ نیویارک میں سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس اب بھی جاری ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں فوری جنگی بندی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ صیہونی حکومت نے پیر کو حملوں کا سلسلہ مزید تیز کر دیا ہے، جس کے بعد مظلوم فلسطینیوں کی شہادتوں کی تعداد پانچ سو سے تجاوز کرگئی ہے۔ اتوار کو رات گئے ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں غزہ میں جاری تنازعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ دونوں فریقین اس تنازعے کے خاتمے کے لیے فوری فائر بندی پر متفق ہوجائیں۔ سلامتی کونسل نے اپنے مشترکہ اعلامیے میں اس تنازعے کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی ہلاکتوں پر شدید تحفظات و تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔
ادھر ایک طرف عالمی برادری امن کے قیام کی کوششوں میں تیزی لارہی ہے تو صیہونی حکومت نے بھی اپنی کارروائیوں کا سلسلہ بڑھا دیا ہے اور اس نے مبینہ طور پر حماس سے تعلق رکھنے والے دس افراد کو ایک سرنگ کے ذریعے جنوبی اسرائیل میں داخلے کی کوشش کے دوران ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ صیہونی آرمی ریڈیو کے مطابق ایرز کراسنگ کے قریب ہونے والے مسلح تصادم کے دوران متعدد فوجی بھی زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک صیہونی فوجی کو اغوا کر لیا ہے۔ تاہم اقوام متحدہ میں صیہونی سفارتکار نے ایسی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں صرف ایک بے بنیاد افواہ قرار دیا ہے۔ دوسری جانب غزہ میں صیہونی جارحیت کے دوران ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 508 ہوگئی۔
خبر کا کوڈ : 400701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش