0
Tuesday 22 Jul 2014 23:47

10 لاکھ لوگوں کو بےگھر کرنیکی حکومت براہ راست ذمہ دار ہے، جماعت اسلامی کوئٹہ

10 لاکھ لوگوں کو بےگھر کرنیکی حکومت براہ راست ذمہ دار ہے، جماعت اسلامی کوئٹہ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے اعلٰی سطحی وفد سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر عبدالمتین اخوندزادہ، نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ ساجد انور، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب نذیر احمد جنجوعہ، نائب امیر مولانا عبدالجلیل نقشبندی اور شاہد شمسی نے بنوں میں متاثرین شمالی وزیرستان کے کیمپوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں امدادی اشیا اور راشن پیکٹ تقسیم کیے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور صوبائی امیر عبدالمتین اخوند زادہ نے متاثرین سے خطاب کیا اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی اور رمضان میں دس لاکھ لوگوں کو بےگھر کرنے کی حکومت براہ راست ذمہ دار ہے۔ قومی قیادت نے نوازشریف کو مذاکرات کا مینڈیٹ دیا تھا مگر قومی یکجہتی اور اتحاد کے علی الرغم حکومت نے بیرونی دباؤ پر عجلت میں آپریشن شروع کرکے قومی امنگوں کا خون کیا اور آپریشن سے پیدا ہونے والے مصائب و مشکلات کو نظر انداز کرکے آئی ڈی پیز کو بےیار و مددگار چھوڑ دیا ہے۔ تمام وسائل حکومت کے پاس ہیں مگر نااہل اور کرپٹ حکمرانوں نے لاکھوں لوگوں کو مصیبت میں مبتلا کرنے کے بعد ان کا حال تک نہیں پوچھا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی اگر کوئی مدد ہو رہی ہے تو وہ الخدمت فاؤنڈیشن اور دیگر فلاحی ادارے و تنظیمیں کر رہی ہیں جبکہ حکمرانوں کی نااہلی کا ہر جگہ رونا رویا جا رہا ہے۔ قبائلی علاقوں میں امریکہ ڈرون حملے اور فوج بمباری کر رہی ہے۔ جس کا نشانہ معصوم بچے اور خواتین بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر 80 فیصد علاقہ دہشتگردوں سے پاک اور فوج کے کنٹرول میں ہے تو متاثرین کو ان کے گھروں میں جا کر عید کرنے کا موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوج اور سیاسی قوتوں کو ایک پیج پر آ کر ملک کو درپیش پے در پے بحرانوں سے نکالنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے دانشمندی کا مظاہرہ نہ کیا تو بہت بڑا انسانی المیہ رونما ہونے کا خدشہ ہے جو ملک و قوم کو عالمی برادری میں منہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑے گا۔ لیاقت بلوچ نے آزادی مارچ اور انقلاب کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ احتجاج ہر جماعت کا جمہوری اور سیاسی حق ہے لیکن جمہوریت کو ڈی ریل اور آئین و آزاد عدلیہ کا قتل نہیں ہونا چاہیئے۔ پاکستان اب کسی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب منظم قوت ہی برپا کر سکتا ہے۔ جماعت اسلامی ایک منظم قوت ہے جو ملک کو اندھیروں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اور نئے پاکستان کے نعرے ہم پہلی بار نہیں بلکہ کئی سالوں سے سن رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 400941
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش