0
Thursday 24 Jul 2014 01:14

ڈاکٹر طاہرالقادری سے ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہوں کی ملاقات

ڈاکٹر طاہرالقادری سے ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہوں کی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں نے علامہ ناصر عباس جعفری اور صاحبزادہ حامد رضا کی قیادت میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کی۔ اس موقع ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی، ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سربراہ علامہ عبدالخالق اسدی، پاکستان عوامی تحریک کی مرکزی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر حسن محی الدین، پی اے ٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباس، سینیئر رہنما خرم نواز گنڈا پور اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے علامہ طاہر القادری سے انقلاب کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے ڈاکٹر طاہرالقادری کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پاکستان کو انقلاب کی اشد ضرورت ہے، جس کے لئے سنی اتحاد کونسل میں شامل تمام جماعتیں ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دیں گی۔ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پنجاب میں فرعون صفت حکمران مسلط ہیں، جنہوں نے دہشت گرد پالے ہوئے ہیں اور انہیں اپنے مفادات کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب سے نون لیگ کی حکومت آئی ہے، قتل و غارت کا بازار گرم ہوا ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے 14 کارکنوں کی شہادت پر بھی ڈاکٹر طاہرالقادری سے اظہار تعزیت کیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ بے گناہوں کا لہو کبھی بھی رائیگاں نہیں جاتا اور بہت جلد اس خون کی تاثیر سے ملک میں انقلاب آئے گا اور جابر حکمرانوں سے نجات ملے گی۔

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ او آئی سی مردہ گھوڑا بن چکی ہے۔ 600 سے زائد نہتے معصوم شہریوں اور بچوں کو اسرائیلی درندے لقمہ اجل بنا چکے ہیں مگر عالمی برادری کی بے حسی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو متحد کرنے کیلئے ایک دیانتدار، اہل اور جرات مند قیادت کی ضرورت ہے جو مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کے خلاف عالمی برادری کو یکجا کر سکے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ انقلاب کے بعد پاکستان تیسری دنیا کے ملکوں کو لیڈ کریگا۔ کرپٹ بیورو کریسی اور پولیس کو برطرف کرکے ہر شعبے میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو عہدے دیئے جائیں گے۔


ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 5 کے تحت عوام کو حقوق نہ دینے پر حکمرانوں سے معاہدہ عمرانی ٹوٹ چکا ہے، اب عوام حکمرانوں کو انقلاب کے ذریعے کک آئوٹ کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو، آپ متحد ہو کر ایک قوت بن کر ملک سے ظلم، جبر، بربریت، ریاستی دہشت گردی اور کرپشن سے خاتمہ کرنے میں بڑا رول پلے کرسکتے ہیں۔ اپنی جماعتوں کے ساتھ رہتے ہوئے وحدت بن کر پاکستان کو بچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے اور ملکی سیاست میں خوش گوار تبدیلی کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس وقت امت مسلمہ قیادت کے محروم ہے، اس وقت امت مسلمہ کو ایسی قیادت درکار ہے جس میں اہلیت ہو، دیانتدار ہو، ہمت و جرات ہو۔ اس ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں، صرف انتخابات کو جمہوریت نہیں کہا جا سکتا بلکہ انتخابات تو حکومت بنانے کا ایک ٹول ہے، اس کے بعد حکومت کا کام ہے جو عوام کو جمہوریت ڈلیور کرے۔ انقلاب کے بعد اس طرح کا نظام لائیں گے کہ کرپٹ شخص کو یہ نظام مردار کی طرح نکال کر پھینک دے گا۔
خبر کا کوڈ : 401167
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش