0
Thursday 24 Jul 2014 22:01

خواتین پر تیزاب پھینکا جانا سفاکانہ عمل ہے، ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی

خواتین پر تیزاب پھینکا جانا سفاکانہ عمل ہے، ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کی سینئر رہنماء ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی نے کوئٹہ اور مستونگ میں خواتین اور بچیوں پر تیزاب پھینکنے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں انتہا درجے کی سفاکی اور ظلم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور دنیا کا کوئی بھی مذہب اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ کوئی سفاک اور ظالم شخص عورتوں پر تیزاب پھینکنے کے خوفناک مجرمانہ عمل کا مرتکب ہو۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پولیس لیویز فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بلوچستان کے عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اربوں روپے کے سالانہ فنڈز جاری کئے جاتے ہیں اور انہیں کروڑوں کی دیگر مراعات بھی حاصل ہوتی ہیں۔ لیکن افسوس کا امر ہے کہ گذشتہ چند سالوں کے دوران خواتین پر تیزاب پھینکے جانے کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں لیکن آج تک نہ تو کسی مجرم کو گرفتار کیا گیا اور نہ ہی کسی کو سزا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اعلٰی افسر کی کار چوری ہو جائے تو تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر حرکت میں آ کر 24 گھنٹے کے اندر نہ صرف یہ کار برآمد کرلیتے ہیں بلکہ مجرموں کو بھی گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اعلیٰ حکام کو خواتین پر تیزاب پھینکے جانے والے واقعات کے سدباب کے حوالے سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ اس لئے نہ تو آج تک اصل مجرمان گرفتار ہو سکے اور نہ ہی ان واقعات کو روکا جا سکا ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلٰی بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچستان میں خواتین پر تیزاب پھینکے جانے والے واقعات کا انتہائی سخت نوٹس لیں اور متعلقہ حکام کو پابند بنائیں کہ وہ ہر قیمت پر اصل مجرموں کو گرفتار کرکے انہیں عدالت کے ذریعے کیفر کردار تک پہنچائیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے بھی اپنی ہمدردی کا اظہار کیا اور تیزاب سے زخمی ہونے والی خواتین اور بچیوں کی صحت یابی کے لئے دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 401305
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش