0
Tuesday 8 Apr 2014 11:38

وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام فنڈز کا اجراء یقینی بنایا جائے، ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی

وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام فنڈز کا اجراء یقینی بنایا جائے، ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی

اسلام ٹائمز۔ ممبر بلوچستان اسمبلی ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی نے کہا ہے کہ صدر ممنون حسین اپنے کوئٹہ کے دورے کے دوران اس بات کو یقینی بنائیں کہ صوبے میں لسانی، نسلی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ پیر کے روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن اس وقت تک قائم نہیں ہو سکتا، جب تک لسانی، نسلی اور فرقہ وارانہ تشدد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں میں اس بات کی وجہ سے احساس محرومی پایا جاتا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی طرف سے ان کے مسائل کو نظر انداز کیا گیا۔ انکو حقوق نہیں دیئے گئے جو ملک کے دیگر صوبوں کے عوام کو حاصل ہیں۔ ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی نے کہا کہ صدر ممنون حسین کو اس بات کا جائزہ بھی لینا ہوگا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے بلوچستان کیلئے مختص فنڈز کا مکمل اجراء کیوں نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات عیاں ہے کہ صدر منمون حسین کا کوئٹہ کا دورہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی اس خواہش کا حصہ ہے کہ وہ بلوچستان میں سنجیدگی کے ساتھ امن کا قیام چاہتے ہیں، تاہم صدر منمون حسین کو دیکھنا ہوگا کہ احساس محرومی کا شکار بلوچستان کے نوجوانوں کو وفاقی اور صوبائی محکموں میں روزگار مہیا کر دیا گیا ہے یا یہ کہ وہ ابھی تک بے روزگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرا مسئلہ ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز کے اجراء کا نہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ترقیاتی کاموں کیلئے اراکین بلوچستان اسمبلی کی تجاویز کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی فنڈز کا اجراء نہیں ہوگا تو صوبے سے احساس محرومی کا خاتمہ کیسے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر ممنون حسین کو کوئٹہ میں خوش آمدید کہتی ہیں اور امید کرتی ہیں کہ وہ صوبے میں امن کے قیام کیلئے اپنا ضروری کردار ادا کریں گے۔

خبر کا کوڈ : 370448
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش