0
Friday 25 Jul 2014 23:07
لاہور مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل کے نعروں سے گونج اٹھا

لاہور میں القدس ریلی، اسرائیلی ناسور کا واحد علاج اسکا خاتمہ ہے، رہنما

لاہور میں القدس ریلی، اسرائیلی ناسور کا واحد علاج اسکا خاتمہ ہے، رہنما
اسلام ٹائمز۔ پوری دنیا کی طرح لاہور میں بھی یوم القدس ملی ومذہبی جوش وجذبہ سے منایا گیا۔ یوم القدس کی مناسبت سے آئی ایس او، ایم ڈبلیو ایم، آئی او پاکستان کے زیراہتمام مسجد صاحب العصر والزمان اسلام پورہ سے پنجاب اسمبلی ہال تک القدس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کی جبکہ دیگر علما کی کثیر تعداد بھی ریلی میں موجود تھی۔ ریلی کے شرکا نے حزب اللہ لبنان اور فلسطین کے پرچم، بینرز، پلے کارڈ اور امریکی صدر اوباما اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے پتلے بھی اٹھا رکھے تھے جبکہ جگہ جگہ اسرائیلی اور امریکی پرچم سٹرک پر بچھائے گئے تھے جن کو شرکا ریلی اپنے پیروں تلے روند کر امریکہ و اسرائیل کے ساتھ اظہار برات کرتے رہے۔ ریلی کے شرکا امریکہ اور اسرائیلی کے خلاف جبکہ حماس، حزب اللہ اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ لاہور کی فضا مسلسل ساڑھے پانچ گھنٹے مردہ باد امریکہ ، مردہ باد اسرائیل کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔

ریلی کے شرکا سے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ سید حیدر موسوی، ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کے مرکزی صدر خانم سکینہ مہدوی، مرکزی جنرل سیکرٹری آئی ایس او تہور حیدری، احسن نقوی مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور ڈویژنل صدر سجیل شمسی سمیت اہلسنت رہنماؤں دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ اسرائیلی ناسور کا واحد علاج اسکا خاتمہ ہے، انسانی تصور سے بالا تر یہ جرائم درحقیقت صیہونی حکومت کی بھیڑیا صفت اور نسل پسندانہ طینت کا حصہ ہیں اور اس کا واحد علاج اس کی نابودی اور خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلہ پر امت مسلمہ بالخصوص عرب ممالک نے گزشتہ 66 برسوں میں متحد ہو کر کوئی آواز بلند نہیں کی، جب بھی فلسطین کی غیور مسلمانوں کو ضرورت پڑی مسلمان ممالک نے بجائے انکی مدد کے اپنے بارڈر بند کر کے اسرائیل کی درندگی میں انکا بھرپور ساتھ دیا۔ مقررین نے کہا کہ امام خمینی نے آج سے 35 سال قبل دنیا کو متوجہ کیا تھا کہ اسرائیل کا ناپاک وجود اس سرزمین پر ایک ناسور ہے، عالم اسلام کو چاہئے کہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ دے۔


ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج لاہور کی ریلی میں ہزاروں افراد کی شرکت نے ثابت کر دیا کہ فلسطین کی حمایت کا جذبہ پاکستان کی سرزمین پر پوری طاقت اور توانائی کے ساتھ موجود ہے اور شرکا اس بات کا مطالبہ کر رہے ہیں کہ غزہ میں جاری جارحیت کو روکا جائے، فلسطین کی مظلوم عوام جس اسقامت و بہادری کے عظم سے اسرائیلی بربریت کا دفاع کر رہی ہے قابل ستائش ہے، مسلم امہ کو فلسطینی عوام کی فکری و اخلاقی مدد کرنی چاہئے۔ آج کا دن عالم اسلام میں اتحاد و وحدت کا دن ہے مسلم امہ مل کر قبلہ اول کی آزادی کیلئے جدوجہد کریں بیت المقدس کے آزادی کیلئے جدوجہد کرنا ہر مسلمان کا شرعی فریضہ ہے جس کیلئے ہمیں ہر حوالے سے کوشش کرنی چاہئے۔

مقررین نے عالمی سامراج اور ان میں سرفہرست امریکہ کی طرف سے صیہونی حکومت کے وحشیانہ احکامات اور ظلم و بربریت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا امریکہ اور اس کے حواری ایسے جرائم کا جس کو کوئی بھی انسان قبول نہیں کر سکتا کا دفاع اور حمایت کر رہی ہیں اور امریکی صدر انتہائی بے شرمی کے ساتھ کہتے ہیں کہ اسرائیل کو دفاع کا حق حاصل ہے، اوبامہ حکومت اسرائیل کی حمایت کا مسلسل اعادہ کر رہے ہیں اور اس کے پاس غزہ کے شہیدوں خون میں لت پت بچوں اور آفت زدہ مسلمانوں کیلئے ایک لفظ بھی نہیں۔ اسرائیل ایک ناجائز قابض ریاست ہے تمام مسلمان اس کے خلاف متحد ہو کر بیت المقدس کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں مثبت قدم اٹھا نا چاہئے۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء ریلی نے اسرائیل اور امریکہ کے پرچم نذر آتش کئے، ریلی میں تمام مکاتب فکر کے علماء اور بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ شہر کی فضائیں امریکہ مردہ باد اور اسرائیل نامنظور کے فلگ شگاف نعروں سے گونجتی رہیں۔
خبر کا کوڈ : 401504
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش