0
Saturday 16 Aug 2014 22:55

سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس، سیشن عدالت کا نواز، شہباز سمیت 22 افراد کے خلاف مقدمہ کا حکم

سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس، سیشن عدالت کا نواز، شہباز سمیت 22 افراد کے خلاف مقدمہ کا حکم
اسلام ٹائمز۔ ایڈیشنل سیشن جج راجہ اجمل نے تحریک منہاج القرآن کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سمیت 22 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے جن ملزمان کے خلاف مقدمہ کا حکم دیا ہے ان میں وفاقی و صوبائی وزراء، پولیس کے اعلی افسران بھی شامل ہیں۔ اسلام ٹائمز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ ساتھ سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان، وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف، وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید، وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف، سابق سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ  پنجاب توقیر شاہ، سابق سی سی پی او لاہور چودھری محمد شفیق گجر، سابق ایس ایس پی آپریشنز رانا عبدالجبار، ایس پی سول لائنز عمر چیمہ، سابق ایس پی سکیورٹی سلمان علی، ایس ایچ او چودھری اشتیاق، ایس ایچ او نشتر کالونی مجید امجد، سابق ایس پی ماڈل ٹاؤن طارق عزیز، ایس پی آفتاب احمد، ڈی ایس پی رضوان ہاشمی دیگر اہلکار شامل ہیں۔

یاد رہے تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے منصور آفریدی ایڈووکیٹ کی وساطت سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی کہ جس میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ پولیس سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے 14 بے گناہ کارکنوں کا مقدمہ درج نہیں کر رہی، عدالت فیصل ٹاؤن پولیس کو انداراج مقدمہ کا حکم جاری کرے۔ منصور آفریدی ایڈووکیٹ کی جانب سے 4 جولائی کو عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی جس پر ایڈیشنل سیشن جج راجہ اجمل نے آج 16 اگست کو فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں فیصل ٹاؤن پولیس کو حکم دیا ہے کہ 14 افراد کے قتل کا مقدمہ مدعی کی درخواست کے مطابق 22 افراد  کے خلاف درج کر کے قانون کے مطابق کاررائی عمل میں لائی جائے۔ ادھر ’’اسلام ٹائمز‘‘ کے نمائندے نے فیصل ٹاؤن پولیس سے رابطہ کیا تو تھانہ کے محرر نے بتایا کہ ہمارے پاس عدالت کا حکم نامہ نہیں پہنچا، نہ ہی مدعی کی جانب سے فیصلے کی کاپی ہم تک پہنچائی گئی ہے۔ محرر نے کہا کہ جیسے ہی ہمیں عدالتی فیصلے کی کاپی موصول ہو گی ہم قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔

ادھر پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے سیشن کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت 22 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے ماتحت عدالت کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی اپیل پیر کے روز دائر کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس کو سیشن کورٹ کا تحریری فیصلہ موصول ہو گیا جس کا مختلف قانونی پہلوؤں سے جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے پنجاب حکومت سیشن کورٹ کے فیصلے خلاف اپیل میں ایک ہی واقعے کی دو ایف آئی آر درج نہ ہونے کا موقف اپنائے گی اور فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 405124
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش