0
Friday 26 Sep 2014 22:39

وفاقی حکومت نے بلوچستان یونیورسٹی خضدار کیلئے 80 کروڑ روپے کا اعلان کردیا، احسن اقبال

وفاقی حکومت نے بلوچستان یونیورسٹی خضدار کیلئے 80 کروڑ روپے کا اعلان کردیا، احسن اقبال
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان میں تعلیمی ترقی سمیت تمام شعبوں کی ترقی کے لئے خصوصی دلچسپی لے رہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ اعلیٰ و فنی تعلیم کو مزید وسعت دینے کے لئے خضدار یونیورسٹی کو اس سے بھی زیادہ بہتر خطوط پر استوار کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ فوری طور پر خضدار یونیورسٹی کے لئے تقریباً 80 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں اور بی یو ای ٹی خضدار میں مزید ڈیپارٹمنٹس کا اضافہ کرکے یونیورسٹی کو عالمی معیار کا جامعہ بنانے کے لئے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے بی یو ای ٹی خضدار کی ویب سائٹ پر وائس چانسلر کے پیغام اور اس میں موجود جذبے و بلند نگری و تاریخی حوالہ جات کو پڑھ کر اس پر فخر محسوس کیا۔ وائس چانسلر کی کاوشوں اور اقدامات کو بھی سراہا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میں ازخود وزیراعظم پاکستان کے ساتھ خضدار یونیورسٹی کے دورے کا خواہش مند ہوں اور انشاءاللہ خضدار یونیورسٹی آکر اس کے لئے خصوصی گرانٹ کا اعلان کرکے یونیورسٹی کو بےمثال و منفرد جامعہ بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔ اس سے قبل بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے وائس چانسلر بریگیڈیئر (ر) انجینئر محمد امین نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے ملاقات کے موقع پر انہیں خضدار یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹس، تعلیمی معیار، اساتذہ کرام اور دیگر اسٹاف اور مستقبل کے تعلیمی و تعمیری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہ بھی کیا۔ وائس چانسلر نے وفاقی حکومت کے خضدار یونیورسٹی کے لئے 80 کروڑ روپے جاری کرنے اور یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 411802
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش