0
Saturday 4 Oct 2014 20:02

90 دن میں لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کا دعویٰ کرنیوالے ڈیڑھ سال میں کچھ نہیں کر سکے، یوسف رضا گیلانی

90 دن میں لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کا دعویٰ کرنیوالے ڈیڑھ سال میں کچھ نہیں کر سکے، یوسف رضا گیلانی
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں 90 دن میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا دعویٰ کرنے والوں کو آج حکومت میں آئے ایک سال سے زیادہ ہو گیا لیکن پھر بھی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ لاہور میں بلاول ہاؤس میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اکیسویں صدی میں بھی ملتان میں غیر جماعتی بنیاد پر ضمنی الیکشن کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ درپردہ کسی امیدوار کو مسلم لیگ (ن) یا تحریک انصاف کی حمایت حاصل ہے لیکن پیپلز پارٹی اپنے انتخابی نشان پر الیکشن میں حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ 1985 میں پیپلز پارٹی نے غیر جماعتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا جس کے خلاف ہم 1987 میں عدالت میں بھی گئے لیکن ایک مرتبہ پھر وہی روش اختیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ وہی لوگ موجود ہیں جو پہلے کسی اور جماعت میں تھے، وہ وہاں تبدیلی نہ لا سکے تو عمران خان کے ساتھ مل کر کیا تبدیلی لائیں گے، آج جو حکومت میں ہیں انہوں نے ہمارے دور میں 90 دن میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا دعویٰ کیا لیکن آج انہیں حکومت میں آئے ہوئے ایک سال سے زیادہ ہو گیا لیکن پھر بھی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی بحران عوام کو ریلیف نہ ملنے کی وجہ سے ہے، ملک میں لاقانونیت، بے روزگاری، مہنگائی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ عروج پر ہے، چاہتے ہیں عوام کو فوری طور پر ریلیف دینے کے لئے اقدامت کئے جائیں۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کا معاملہ پہلے صدر کے پاس تھا لیکن اٹھارہویں ترمیم کے بعد اس کا اختیار صوبوں کے پاس آ گیا ہے، اس لئے وفاق کو صوبائی معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کرانا صوبوں کی ذمہ داری ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات کا خاکہ صوبائی حکومت کے حوالے کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 413168
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش