0
Sunday 19 Oct 2014 21:03

پاکستان عوامی تحریک کا جلسہ، پنڈال بھر گیا، ڈاکٹر طاہرالقادری پہنچ گئے

پاکستان عوامی تحریک کا جلسہ، پنڈال بھر گیا، ڈاکٹر طاہرالقادری پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔ مینار پاکستان گراؤنڈ میں پاکستان عوامی تحریک کے جلسہ عام میں پنجاب بھر سے شرکا پہنچ گئے ہیں جبکہ جلسے میں شریک افراد کے جوش و جذبے کو برقرار رکھنے کے لئے ملی نغمے بجائے جا رہے ہیں۔ لاہور میں مینار پاکستان کے تاریخی میدان میں پاکستان عوامی تحریک کے جلسہ عام سے ڈاكٹر طاہرالقادری، چودھری شجاعت حسين، علامہ راجا ناصر عباس، صاحبزادہ حامد رضا، غلام مصطفیٰ كھر، اقليتی رہنما جے سالک اور ديگر قائدين خطاب كريں گے۔ جلسے کا سٹیج مینار پاکستان کے چبوترے پر بنایا گیا ہے جس پر 140فٹ لمبا اور 50 فٹ چوڑا پينا فليكس آویزاں کیا گیا ہے، پاکستان عوامی تحریک کی انتظامیہ نے شرکاء کے لئے پنڈال میں 80 ہزار کُرسیاں لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔ جلسے میں خواتین اور مردوں کے لئے بیٹھنے کے الگ الگ انتظامات کئے گئے ہیں۔

جلسے کے شرکا کے لئے 5 راستے رکھے گئے ہیں، گراؤنڈ میں 4 بڑی اسکرینیں اور 500 سے زائد بڑے ساؤنڈ سسٹم لگائے گئے ہیں تاکہ جلسے کے شرکا مقررین کو دیکھ اور سن سکیں، جلسے میں روشنی کے لئے 6 ہزار چھوٹی بڑی لائٹیں لگائی گئی ہیں، اس کے علاوہ سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے 3 ہزار 500 پولیس اہلکار اور پاکستان عوامی تحریک کے 4 ہزار رضاکار تعینات کئے گئے ہیں۔ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان عوامی تحریک کے جلسے کے دوران میٹرو بس سروس کو بند کردیا ہے۔

جلسے میں شرکت کے لئے ڈاکٹر طاہر القادری کا قافلہ براستہ موٹروے لاہور پہنچ گیا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری راوی ٹول پلازہ پر عصر کے وقت پہنچے اور ٹول پلازہ پر ہی نماز عصر ادا کی۔ بعد ازاں ٹھوکر نیاز بیگ انٹر چینج سے موٹروے سے اترے جہاں ہزاروں کارکنوں نے ٹھوکر نیاز بیگ میں ان کا والہانہ استقبال کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے نیاز بیگ چوک میں مغرب کی نماز ادا کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری کے دونوں صاحبزادے حسن محی الدین اور حسین محی الدین نے بھی ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں ان سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ملتان روڈ کے راستے پنڈال کی جانب رواں دواں ہیں اور کچھ ہی دیر میں پنڈال میں پہنچ جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 415414
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش