0
Monday 27 Oct 2014 12:51

آج کشمیری دنیا بھر میں بھارت کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں

آج کشمیری دنیا بھر میں بھارت کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں

اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر آج ریاست کے دونوں حصوں اور دنیا بھر میں بھارت کے خلاف یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فوج داخل کرکے قبضہ کر لیا تھا۔ بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر آمد کے خلاف کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کو یوم سیاہ مناتے ہیں۔ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال جلسے جلوس اور مظاہرے ہو رہے ہیں۔ یوم سیاہ کے موقع پر دنیا بھر میں کشمیری احتجاجی جلسے جلوس اور ریلیاں نکالیں گے۔ امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور مشرق وسطیٰ میں منظم انداز میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔ 

ادھر حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد بھارتی انتخابی عمل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات حق خود ارادیت کا متبادل نہیں ہیں، کشمیری عوام اور حریت کارکنان انتخابی عمل کا بائیکاٹ کریں گے اور تمام وسائل اور توانائیاں سیلاب سے متاثرہ کشمیریوں کے لیے خرچ کریں گے۔ علی گیلانی نے 26 اکتوبر کے مجوزہ لندن مارچ کو ایک بروقت قدم قرار دیتے ہوئے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منانے اور اس دن مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا جمہوری دعوی محض ایک فراڈ ثابت ہو رہا ہے اور وہ کشمیری قوم کے بنیادی اور پیدائشی حقوق کو اپنی ملٹری طاقت کے بل بوتے پر دبا رہا ہے۔ 

مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں نے کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ علاقے میں ہونے والے نام نہاد اسمبلی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے انتخابات کے انعقاد کا اعلان کشمیری متاثرین سیلاب کے زخموں پر نمک پاشی کے سوا کچھ نہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سری نگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں انتخابات کو ایک بے سود مشق قرار دیتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ خود کو انتخابات سے مکمل طور پر دور رکھیں۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ انتخابات کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب سیلاب سے متاثرہ کشمیر مدد کے لیے پکار رہے ہیں۔ میر واعظ نے کہا کہ بھارت ایک طرف متاثرین سیلاب کی بحالی کے دعوے کر رہا ہے جبکہ دوسری جانب نام نہاد اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد انتخابات کشمیریوں کے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کا ہرگز نعیم البدل نہیں۔

خبر کا کوڈ : 416683
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش