0
Thursday 30 Oct 2014 22:47
عزاداری امام حسین (ع) پر حملہ پاکستان کی نظریاتی بنیادوں پر حملہ ہے

حکومت خاندان نبوت (ص) کے سوگواروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، علامہ امین شہیدی

حکومت خاندان نبوت (ص) کے سوگواروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، علامہ امین شہیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کراچی میں عائشہ منزل کے قریب اسلامک ریسرچ سینٹر میں امام بارگاہ سیدالشہداء کے باہر عزاداران امام حسین (ع) پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام دشمن تکفیری دہشت گردوں کی کارروائی قرار دیا، گلشن حدید کراچی میں عشرہ محرم الحرام کی مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دھماکے میں 9 ماہ کی معصوم بچی بتول عزاداری امام حسین (ع) کی عظمت پر قربان ہوگئی، لیکن انسانیت دشمن دہشت گردوں کو بے نقاب بھی کرگئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خاندان نبوت (ص) کے سوگواروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، بانی پاکستان محمد علی جناح اور نظریہ ساز مفکر علامہ اقبال بھی امام حسین (ع) کے عزادار تھے اور عزاداری پر حملہ اسلامی روایات ہی نہیں بلکہ پاکستان کی نظریاتی بنیادوں پر بھی حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت عزاداری امام حسین (ع) سے قائم ہے، مجالس و جلوس عزاء پر حملے کرنے والے یزیدیت کے پیروکار ہیں کیونکہ امام حسین (ع) اور ذکر امام حسین (ع) سے بغض و کینہ یزید کی اموی ملوکیت کو تھا ورنہ سب کو معلوم ہے کہ خاندان نبوت کی عظمت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول (ص) امام حسین (ع) کی سیرت ہی حقیقی دین ہے، پوری دنیا میں اسلام کا چہرہ مسخ کرنے والے یزیدی پیروکار ہیں، محرم الحرام کا مقدس مہینہ اتحاد امت اور ظلم کے خلاف آواز حق بلند کرنے کا درس دیتا ہے، الحمد للہ آج پوری دنیا میں عزاداری سیدالشہداء (ع) بڑی عقیدت سے منائی جاتی ہے، عزاداری کے دشمن دین اسلام کے دشمن ہیں، کل بھی یزیدیت کو شکست فاش ہوئی تھی اور آج بھی عاشقان امام حسین (ع) ان دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 417344
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش