0
Tuesday 4 Nov 2014 21:34

یوم عاشور، وزیراعلیٰ سندھ کی کراچی کے مرکزی جلوس میں شرکت، حفاظتی انتظامات کا جائزہ

یوم عاشور، وزیراعلیٰ سندھ کی کراچی کے مرکزی جلوس میں شرکت، حفاظتی انتظامات کا جائزہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ اس محرم الحرام کے دوران سندھ حکومت کو ان کے افسران، ماتمی جلوسوں اور سیاسی رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں ملی تھیں جو کہ حکومت کی مؤثرحکمت عملی سے سندھ پولیس اور رینجرز نے نہ صرف ناکام بنادیں بلکہ دوران سرچ آپریشن کئی دہشتگردوں کو گرفتار و ہلاک کیا گیا۔ وہ آج محرم الحرام کے مرکزی ماتمی جلوس کیلئے حفاظتی انتظامات کا بذات خود جائزہ لینے کیلئے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کررہے تھے، اس دوران وزیراعلیٰ سندھ نے میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کے پاس پیدل چل کر مرکزی جلوس کے فرنٹ لائن میں رضاکاروں اور منتظمین سے ملاقات کی اور ان سے جلوس کی سیکیورٹی کیلئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کی، جس پر منتظمین نے تسلی بخش اور فول پروف حفاظتی انتظامات پر سندھ حکومت، سندھ پولیس اور سندھ رینجرز کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی وقار مہدی، راشد ربانی، صدیق ابو بھائی، ہوم سیکریٹری ڈاکٹر نیاز عباسی، آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں شروع سے ہی دہشتگردوں کی طرف سے جلوسوں، مجالس، سیاسی لیڈروں اور سرکاری افسروں پر حملے کی دھمکیاں مل رہیں تھیں جس کے پیش نظر سندھ حکومت نے ایک طرف حفاظتی انتظامات کو سخت سے سخت کرنے کا فیصلہ کیا تو دوسری جانب دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کو تیز کیا جس کے نتیجے میں کئی دہشتگردوں کو نہ صرف وقت سے پہلے گرفتار کیا گیا بلکہ ان سے اسلحہ اور گولا بارود برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ کچھ دہشتگرد پولیس مقابلے میں مارے بھی گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سخت سیکیورٹی انتظامات کے باعث یکم محرم الحرام سے آج تک کراچی شہر و صوبے بھر میں امن امان کی صورتحال قابو میں رہی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عاشورہ محرم الحرام کے دوراں امن امان کو قابو میں رکھنا سندھ حکومت کیلئے بڑا چیلنج تھا جس کا ہم نے ہمت، جرات اور دانشمندی سے مقابلہ کیا اور آئندہ بھی دہشتگردی سے کامیابی سے نمٹیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ پولیس کے چیف اور رینجرز کے سربراہ کو فول پروف سیکیورٹی، کراچی شہر اور صوبے بھر میں امن امان کو قائم رکھنے پر شاباش دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی فورسز کا حوصلہ بلند رکھا ہے اور آئندہ بھی ان کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 417994
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش