0
Sunday 16 Nov 2014 05:07
امریکہ کیجانب سے لگائے جانیوالے الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں

شمالی وزیرستان کا 90 فیصد علاقہ کلیئر، 11 سو دہشتگرد ہلاک، 132 ٹن بارود برآمد، میجر جنرل ظفراللہ خان

شمالی وزیرستان کا 90 فیصد علاقہ کلیئر، 11 سو دہشتگرد ہلاک، 132 ٹن بارود برآمد، میجر جنرل ظفراللہ خان
اسلام ٹائمز۔ پاک فوج نے شمالی وزیرستان کا نوے فیصد علاقہ دہشت گردوں سے خالی کرا لیا، گیارہ سو اٹھانوے دہشت گرد مارے گئے، بائیس لاکھ ایمونیشن اور ایک سو بتیس ٹن بارودی مواد برآمد ہوا، میجر جنرل ظفراللہ خان کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا 5 ہزار کلو بارود تباہ کیا تو اس کی شدت ایٹم بم کے برابر تھی۔ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے آپریشنل کمانڈر میجر جنرل ظفراللہ خان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں۔ کمانڈر میجر جنرل ظفراللہ کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے نوے فیصد علاقے کا کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے، جن علاقوں کا کنٹرول حاصل کیا گیا، ان میں میر علی، دتہ خیل، میران شاہ، بویا، دگان، سپن وام اور غلام خان شامل ہیں۔ میجر جنرل ظفراللہ کا کہنا تھا کہ اسلحہ اور بارودی سرنگوں کی تلاش اور کلیئرنس میں ابھی وقت لگے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان آپریشن کو 138 دن مکمل ہوگئے، جس میں دہشت گردوں کی بڑی تعداد ماری گئی ہے۔
 
آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے 10 ہزار کے قریب مختلف اسلحہ اور 2 اعشاریہ 2 ملین گولہ بارود برآمد ہوا۔ دہشت گردوں سے 2470 ایس ایم جی، 293 مشین گن، 111 بھاری ہتھیار برآمد کئے گئے۔ میجر جنرل ظفراللہ کا کہنا تھا کہ بارودی سرنگیں بنانے والی 39 فیکڑیاں تباہ کی گئیں جبکہ میر علی سے 23 ہزار کلو اور میران شاہ سے 78 ہزار کلو بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ کمانڈر میجر جنرل ظفراللہ خان کے مطابق آپریشن کے دوران اب تک 1198 دہشت گرد ہلاک اور 356 زخمی ہوئے۔ 221 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ میر علی شدت پسندوں کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا تھا، غیر ملکی دہشت گردوں کی بڑی تعداد نے میر علی میں ڈیرے جمائے ہوئے تھے۔ میران شاہ کی طرح میر علی میں بھی جگہ جگہ بارودی سرنگیں بنانے کی فیکڑیاں لگائی گئی تھیں، میر علی میں ازبک دہشت گردوں کے خلاف خصوصی طور پر توجہ دی گئی۔ آپریشنل کمانڈر شمالی وزیرستان کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کے دوران اب تک فوج کے 24 افسر اور جوان شہید جبکہ 155 زخمی ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 419749
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش