0
Friday 12 Dec 2014 22:56
پاکستان کے متعدد شہروں میں آٹھ گھنٹے سے بجلی غائب

نیشنل گرڈ میں فنی خرابی، کئی شہر تاحال بجلی سے محروم

نیشنل گرڈ میں فنی خرابی، کئی شہر تاحال بجلی سے محروم
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے متعدد شہر نو گھنٹے سے زائد وقت گزر جانے کے باوجود بھی بجلی سے محروم ہیں۔  نیشنل پاورکنٹرول سسٹم میں فنی خرابی کی وجہ سے تربیلاسے لاہور تک بجلی کی فراہمی بند ہوگئی تھی، جس کی بحالی کیلئے 5 سے 6 گھنٹوں کا وقت دیا گیا تھا۔ تاہم ابھی تک بجلی کی فراہمی شروع نہیں کی جا سکی ہے۔ بجلی معطل ہونے کی وجہ سے اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں بجلی بند ہو گئی، پارلیمنٹ ہاﺅس کی بجلی بھی بند ہو گئی، جس پر بیک اپ جنریٹر بھی لوڈ نہ اٹھا سکا اور پارلیمنٹ کے باہر لگے سکینرز بھی بند ہو گئے۔ کئی گھنٹوں کی مسلسل بندش کے بعد لاہور میں گلشن راوی، دھرم پورہ، ساندہ، رستم پارک سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال ہو گئی ہے۔ تاہم شہر کا بیشتر حصہ اب بھی تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔ فیصل آباد، ملتان، گجرات، ڈی آئی خان، سیالکوٹ، راولپنڈی ، قصور، شجاع آباد، پتوکی، چنیوٹ، ملتان، بھکر اور گرد و نواح کے علاقے مکمل تاریکی میں ڈوبے ہیں۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث پانی کی فراہمی بھی بند ہو گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔  علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بجلی کا متبادل نظام بھی ناکارہ ہو گئے ہیں، جس کے باعث فلائٹ آپریشن مکمل طور پر رک گیا ہے۔ جبکہ ائیرپورٹ کا رن وے بھی اندھیرے میں ڈوب چکا ہے۔ لاہور کے متعدد ہسپتالوں میں بجلی کے باعث وینٹی لیٹرز بھی بند ہو گئے ہیں، جبکہ متعدد آپریشنز ملتوی کر دیئے گئے۔ 

خبر کا کوڈ : 425267
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش